قومی کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی بابراعظم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) میں اہم سنگ میل کے قریب پہنچ گئے، یہاں تک کہ ویرات کوہلی بھی ابھی تک یہ کارنامہ انجام نہیں دے پائے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 7 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گی، یہ ٹیسٹ سیریز بابراعظم کے لیے انتہائی اہم ہے، ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں بابراعظم اب تک 56 اننگز میں 52.4 کی اوسط سے 2725 رنز بنا چکے ہیں جن میں 8 سنچریاں اور 15 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کے بعد قومی ٹیم کا کپتان کسے ہونا چاہیے؟ یونس خان نے نام بتادیا
انگلینڈ کے خلاف 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں بابراعظم کے پاس ڈبلیو ٹی سی کی تاریخ میں 3 ہزار رنز مکمل کرنے کا موقع ہے اور اسے ایسا کرنے کے لیے صرف 275 رنز درکار ہیں۔
اگر بابراعظم نے 3 ہزار رنز مکمل کرلیے تو وہ 2019 میں ڈبلیو ٹی سی کے آغاز سے لے کر اب تک 3000 رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے پانچویں کھلاڑی بن جائیں گے، انگلینڈ کے جو روٹ اور بین اسٹوکس، آسٹریلیا کے مارنس لیبوشگن اور اسٹیو اسمتھ اور بین اسٹوکس اب تک یہ سنگ میل عبور کرنے والے دیگر چار بلے باز ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انڈیا کے ٹاپ بلے باز روہت شرما اور ویرات کوہلی ابھی اس فہرست میں شامل نہیں ہیں اور آنے والے میچوں میں بھی ان کے ایسا کرنے کا امکان بھی نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ جاری، بابر اعظم کی تنزلی، محمد رضوان کی ترقی
ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں انڈیا کے کپتان روہت شرما نے اب تک 2 ہزار 594 رنز بنائے ہیں تو وہیں ویرات کوہلی 2 ہزار 334 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انڈیا کی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف 16 اکتوبر سے 3 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں اور روہت کے 3 ہزار رنز کی رکاوٹ کو عبور کرنے کا امکان ہے لیکن 406 رنز مزید بنانے کے لیے انہیں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
اس کے ساتھ ہی بابراعظم کو انگلینڈ کے خلاف 275 رنز بنانے ہیں، اگر وہ انگلینڈ کے خلاف 6 اننگز کھیل کر 275 رنز بنا لیتے ہیں تو اپنے ڈبلیو ٹی سی کیریئر میں 3 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن جائیں گے۔