75 لاکھ مستحق خاندانوں کو بینظیر کفالت پروگرام کی جنوری تا مارچ سہ ماہی قسط کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔ اس مرتبہ 7 ہزار کے بجائے اضافہ شدہ 8 ہزار 5 روپے دیے جا رہے ہیں۔ بینظیر کفالت پروگرام کے تحت 90 لاکھ مستحق خاندان رجسٹرڈ ہیں۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے جاری اعلامیہ کے مطابق بینظیر کفالت کے کیساتھ ساتھ تعلیمی وظائف کی سہ ماہی قسط بھی ادا کی جا رہی ہے۔ تعلیمی وظائف کے لیے رجسٹرڈ بچوں کی سکول میں 70 فیصد حاضری لازمی ہے۔
مزید یہ کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے سندھ میں آٹا سبسڈی کے 2 ہزار روپے فی خاندان کی تقسیم بھی جاری ہے۔ سیلاب متاثرہ کاشتکاروں میں حکومت سندھ کے گندم کے بیج پر سبسڈی کی تقسیم بھی جاری ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک لاکھ 33 ہزار شتکاروں میں آج تک ساڑھے 31 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔اس دوران کٹوتیوں کی شکایات پر بھی کارروائی کی گئی۔ ملزمان کیخلاف مقدمات کا اندراج اور ملزمان کی گرفتاریوں کا عمل بھی جاری ہے۔
چئیرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ مستحق خواتین کی رقم میں کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ مستحقین اپنی شکایات بی آئی ایس پی کے تحصیل دفاتر میں درج کروائیں یا ہیلپ لائن نمبر 0800-26477 پر رابطہ کریں۔