چینی سفارتخانے نے کراچی میں جاں بحق اہلکاروں کی تفصیل بتادی

پیر 7 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں قائم چینی سفارتخانے نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب بم دھماکے کی مذمت اور اس واقعہ میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چینی سفارت خانے اور قونصلیٹس جنرل کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 6 اکتوبر کو رات 11 بجے پورٹ قاسم اتھارٹی الیکٹرک پاور کمپنی (پرائیوٹ) لمیٹڈ سے چینی عملے کو لانے والے ایک قافلے پر حملے میں 2 چینی شہری ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: جناح ایئرپورٹ کے قریب دھماکا، 3 غیرملکیوں سمیت 4 افراد ہلاک، 17 زخمی

بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی قونصل خانہ شدت پسند حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور دونوں ملکوں سے تعلق رکھنے والے متاثرہ شہریوں کے اہلخانہ سے گہرے افسوس کا اظہار کرتا ہے۔

چینی قونصل خانے نے کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر اس (واقعے) کے بعد کا لائحہ عمل طے کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ چینی قونصل خانے نے بتایا کہ ان کی جانب سے فوری طور پر ایک ایمرجنسی پلان لانچ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں چینی شہریوں پر حملوں کی تاریخ، اب تک کتنے چینی ہلاک ہو چکے ہیں؟

چینی قونصل خانے نے پاکستانی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس حملے کی جامع تحقیقات کریں اور ملوث افراد کو سزا دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں مختلف منصوبوں میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر سگنل کے قریب دھماکے میں 3 غیرملکیوں سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp