وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات کراچی ایئر پورٹ کے قریب دھماکے کی مذمت اور چینی شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ رات ہونے والے المناک واقعے کے نتیجے میں 2 چینی شہریوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور ایک زخمی ہوا، اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتا ہوں، چینی قیادت اور چین کے عوام بالخصوص متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: چینی سفارتخانے کی کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی مذمت، تحقیقات کا مطالبہ
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس اندوہناک واقعے کے مرتکب پاکستانی نہیں بلکہ پاکستان کے کھلے دشمن ہیں، ان کی شناخت اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
Deeply shocked and saddened by last night’s tragic incident in Karachi, resulting in the loss of two precious Chinese lives & injuring another. I strongly condemn this heinous act and offer my heartfelt condolences to the Chinese leadership & the people of China, particularly the…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 7, 2024
وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اپنے چینی دوستوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، ہم ان کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات کراچی ایئر پورٹ کے قریب دھماکے میں 3 غیرملکیوں سمیت 4 افراد ہلاک اور 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق، غیرملکی شہریوں پر ہونے والا حملہ خودکش تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں مرنے والے چینی شہری تھے جن کی شناخت کرلی گئی ہے۔