پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 4 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں ایک بڑے احتجاج کا اعلان کر رکھا تھا۔ اس احتجاج کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں ایک بڑا قافلہ موٹروے اور دیگر مقامات پر حکومت کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کو ہٹاتا ہوا اسلام آباد کے ڈی چوک تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان 4 اور 5 اکتوبر کو مختلف مقامات پر جھڑپیں جاری رہیں۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ کی گئی جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے مظاہرین کی جانب سے بھی پولیس پر ہیوی شیلنگ کا دعویٰ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’علی امین گنڈاپور ڈبل گیم کھیلتے ہیں، عمران خان کو دھوکا دے رہے ہیں‘ صارفین پھٹ پڑے
احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنان کو گرفتار کیا گیا جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے خیبرپختونخوا ہاؤس پر چھاپہ بھی مارا گیا۔ تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منظرعام سے غائب ہو گئے اور کئی گھنٹے گزرنے کے بعد وہ اچانک خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران منظرعام پر آگئے۔ پی ٹی آئی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت 9 مئی کے بعد سے پی ٹی آئی کے احتجاج کو لیڈ کرتے نظر آتے ہیں۔ شیر افضل مروت کی جانب سے ہمیشہ احتجاج سے قبل حکومت کو وارننگ دی جاتی ہے اور یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ وہ ہر صورت احتجاج کریں گے اور کسی سے نہیں ڈریں گے، اس لیے حکومت رکاوٹیں نہ کھڑی کرے۔ تاہم 4 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر ہونے والے احتجاج میں شیر افضل مروت بالکل نظر نہ آئے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی مظاہرین سے برآمد اسلحہ کی فوٹیج جاری، علی امین گنڈاپور کی ایک اور سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی
شیر افضل مروت احتجاج اور علی امین گنڈاپور کے قافلے کے حوالے سے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایکٹو نظر آئے، تاہم انہوں نے کارکنان کے لیے کوئی ویڈیو پیغام یا ہدایت جاری نہیں کی۔ شیر افضل مروت نے ایکس پر آج ایک ایک پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے کہا، ’مجھے اپنے چاہنے والوں کو یہ بتاتے ہوئے تکلیف اور شرمندگی ہورہی ہے کہ میری طبیعت سنبھل نہیں رہی، میرے جگر کے اور دیگر ٹیسٹ ہوئے ہیں اور وہ صحیح نہیں ائے، میری حالت دن بدن تیزی سے خراب ہوتی جارہی ہے۔
مجھے اپنے چاہنے والوں کو بتاتے ہوئے تکلیف ہو رہی ہے، اور شرمندگی بھی، کہ میری طبیعت سنبھل نہیں رہی ہے. میرے جگر کے اور دیگر ٹیسٹ ہوئے ہیں اور وہ صحیح نہیں ائے.
میری حالت دن بدن تیزی سے خراب ہوتی جا رہی ہے. میں بہت کوشش کر رہا ہوں کہ کسی طرح سے میری طبیعت سنبھل جائے اور میں پہلے…— Sher Afzal Khan Marwat (@sherafzalmarwat) October 7, 2024
انہوں نے مزید لکھا، ’میں بہت کوشش کررہا ہوں کہ کسی طرح سے میری طبیعت سنبھل جائے اور میں پہلے جیسا ہو جاؤں بالکل اسی طرح جس طرح سے آپ سب مجھے پسند کرتے تھے، لیکن روز مجھے بخار چڑھتا ہے، اترتا ہے اور میری صحت تیزی سے گرتی جارہی ہے، میں اپنے ملک، اپنے مرشد عمران خان اور تحریک انصاف کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں لیکن خدا گواہ ہے کہ اپنی گرتی ہوئی صحت کی وجہ سے چاہ کر بھی نہیں کرپارہا، میری صحت یابی کے لیے دعا کیجئے کہ اللہ کریم مجھے صحت کاملہ عطا کریں، سلامتی ہو آپ سب پر۔‘