اسلام آباد میں احتجاج کی آڑ میں مبینہ طور پر شر پسندی کرنے والے عناصر کی اہم ویڈیو اور تخریبی سامان کی تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد انتظامیہ نے فورینزک تجزیہ اور جیو فینسنگ کی مدد سے ملوث عناصر کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پر امن احتجاج کا لبادہ اوڑھے شر پسند بلوائیوں نے ریاستی پولیس اہلکاروں کیخلاف تمام حدود پار کر دیں، ناقابل تردید ویڈیو شواہد میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلوائیوں نے اسلام آباد پولیس اہلکار کو حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے۔
اسلام آباد میں احتجاج کی آڑ میں شر پسندی کرنے والے عناصر کی ویڈیو اور تخریبی سامان کی تفصیلات منظر عام پر pic.twitter.com/v5MoeILRKW
— WE News (@WENewsPk) October 7, 2024
ذرائع کے مطابق شر پسندوں نے پولیس اہلکار کو زدوکوب کیا، یر غمال بنانے کی کوشش کی اور نامناسب رویہ اختیار کیا، گرفتار شر پسندوں سے اسلحہ، جس میں پستول، ایمونیشن، گیس ماسک اور خنجر بھی برآمد ہوئے ہیں، جو ان کے تخریبی رجحانات کے عکاس ہیں۔
ذرائع کے مطابق فورینزک تجزیوں اور جیو فینسنگ کی مدد سے اسلام آباد میں احتجاج کے نام پر ہنگامہ آرائی میں ملوث عناصر کیخلاف انتطامیہ قانونی کارروائی عمل میں لا رہی ہے، نام نہاد احتجاج کی آڑ میں کسی بھی طرح کی شرپسندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔