سابق وزیراعظم پاکستان و صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا ہے کہ دعا کریں جلد آئینی ترامیم ہوجائیں۔
فلسطین کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس میں شریک نواز شریف سے صحافی نے سوال کیاکہ آئینی ترامیم کب تک ممکن ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ دعا کریں جلد ہوجائیں۔
یہ بھی پڑھیں فضل الرحمان سے حکمران اتحاد کے وفد کی ملاقات، مجوزہ آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت قومی قیادت آج فلسطین کے حوالے سے بلائی آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہے۔
اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ مسلمان ممالک کو مل بیٹھ کر فلسطین کے حوالے سے کوئی پالیسی بنانی چاہیے اور اس میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
دوسری جانب آئینی ترامیم کے معاملے پر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن متحرک ہیں، جے یو آئی کے رہنما کامران مرتضیٰ کے مطابق پیپلزپارٹی آئینی ترامیم کے لیے مسودہ جے یو آئی کے پاس پہنچ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں اتفاق رائے نہ ہوا تو آئینی ترمیم میں ملٹری کورٹس والی شق سے پیچھے ہٹ جائیں گے، رانا ثنااللہ
گزشتہ رات پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی جس میں آئینی ترامیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔