اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کراچی نے ماڑی پور کے علاقہ سے مبینہ طور پر بھارتی جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سفری دستاویزات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
سی آئی اے کراچی کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کراچی کے ساحلی علاقے ماڑی پور میں منوڑہ روڈ پر واقع ساحل ہوٹل پر کارروائی کرتے ہوئے دشمن ملک کی انٹیلیجنس ایجنسی را کا جاسوس گرفتار کیا ہے جس کی شناخت محمد سلیم ولد محمد ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی : پولیس اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی، بھارتی جاسوس گرفتار
سی آئی اے پولیس کے اعلامیہ کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضہ سے ہینڈ گرینڈ، اوان بم بمعہ لانچر، 9 ایم ایم پستول، سب مشین گن اور مختلف محکموں کے سروس کارڈز، مختلف ناموں سے حاصل کیے گئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈز سمیت دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
سی آئی اے کے مطابق برآمد پاسپورٹس میں گرفتار ملزم کا مختلف اوقات میں پاکستان سے انڈیا کا براستہ نیپال سفر کرنا بھی ثابت ہوا ہے، اس کے علاوہ ملزم کے قبضہ سے منوڑہ اور چائنا پورٹ کے نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے 7 سال مکمل
گرفتار ملزم سے برآمد ہونے والے بم، ناجائز اسلحہ اور پاکستان دشمنی کے شواہدات برآمد ہونے پر تھانہ سی آئی اے میں ایکسپلوزو ایکٹ، اسلحہ آرڈیننس اور تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت 3 مختلف مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔