رحیم یار خان: کچے میں ایک اور پولیس آپریشن میں 2 ڈاکو ہلاک

منگل 8 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رحیم یار خان کے نزدیک کچے کے علاقے میں ایک اور ٹارگٹڈ آپریشن میں پنجاب پولیس نے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث مزید 2 ڈاکو ہلاک کردیے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس  کے مطابق ہلاک ہونیوالا ڈاکو نصیر عرف میلہ لتھانی بھونگ میں پولیس کانسٹیبل اکبر گوپانگ کے قتل میں پولیس کو مطلوب تھا، ہلاک ہونیوالے دوسرے ڈاکو کی شناخت طارق جھکرانی کے نام سے ہوئی ہے۔

یہ پڑھیں: کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، پولیس کو کن مشکلات کا سامنا ہے؟

رحیم یار خان پولیس نے چوک شہباز پور کے علاقے میں کچے کے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا، ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر شدید فائرنگ شروع کر دی، تاہم دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونیوالے دونوں ڈاکو پولیس اہلکاروں کی شہادت، پولیس پر فائرنگ، ڈکیتی سمیت سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے، جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں، ڈاکوؤں کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھیتوں کے راستے فرار ہو گئے۔

مزید پڑھیں: ’ہم سے اچھے تو ڈاکو نکلے‘، کچے کے ڈاکوؤں کے یوٹیوب چینل پر صارفین کے تبصرے

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، آپریشن میں ایس ایچ او تھانہ احمد پور لمہ رانا رمضان ، انچارج سی آئی اے بھونگ جبران جیراڈ سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا، پولیس کو بلٹ پروف گاڑیوں، جدید اسلحہ، ایلیٹ کمانڈوز کی معاونت حاصل تھی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچے کے علاقے کو امن کا گہوارہ بنانا پولیس کا مشن ہے، ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp