پی آئی اے کا نیا کارنامہ، ٹورنٹو سے کراچی کی فلائیٹ مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹے پہلے پرواز کرگئی

منگل 8 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی قومی ایئر لائنز (پی آئی اے) کی ’خدمات‘ اور ’کارناموں‘ کا اکثر ہی ’سنہری حروف‘ میں ذکر سننے اور پڑھنے کو ملتا ہے۔ اور اب اپنے تازہ ترین کارنامے میں پی آئی نے دنیا بھر کے لیے ’وقت کی پابندی‘ کی ایک نئی مثال قائم کردی ہے۔

ایئرلائنز ذرائع  کے مطابق، پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی کی پرواز  نے مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹے پہلے  ہی اڑان بھرلی، پی کے 784 کے پیشگی پرواز کرنے سے متعدد مسافر ٹورنٹو ایئر پورٹ پر کھڑے رہ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا پائلٹ پشاور جانے والی پرواز کو کراچی لے آیا، مسافر سیخ پا

ذرائع کے مطابق، مذکورہ فلائیٹ 6 اکتوبر کو ٹورنٹو سے ڈھائی  روانہ ہوئی اور 7 اکتوبر کو مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹے پہلے کراچی پہنچ گئی، پی آئی اے کو اگلی پرواز کے لیے ضرورت تھی اس لیے ٹورنٹو سے ڈھائی گھنٹے پہلے پرواز روانہ ہوئی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق، پرواز پی کے 784 تبدیل شدہ وقت کے مطابق ڈھائی گھنٹے پہلے ٹورنٹو سے روانہ ہوئی، مسافروں کو پرواز کے وقت میں تبدیلی سے آگاہ کردیا گیا تھا، پرواز پی کے 784 پر 254 مسافروں نے سفر کیا، بعض مسافروں کے فون نمبر درست نہیں تھے، جنہیں اطلاع نہیں پہنچ سکی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا ایک اور کارنامہ، سامان کے بغیر مسافروں کو گلگت پہنچا دیا

پی آئی اے ترجمان نے مزید بتایا کہ بعض مسافروں کی بکنگ میں ان کے فون نمبر کی جگہ ٹریول ایجنٹ کا نمبر درج تھا، 7 سے 8 مسافر پرواز میں سوار ہونے سے رہ گئے تھے، جو مسافر پی کے 784 میں سوار ہونے سے رہ گئے ہیں، انہیں پرانے ٹکٹ پر ہی اگلی پرواز سے کراچی لایا جائے گا۔

ترجمان پی آئی نے کہا کہ ایک بار پھر مسافروں سے درخواست ہے کہ بکنگ کے وقت اپنے درست نمبر درج کیا کریں، غلط نمبر یا ٹریول ایجنٹ کا نمبر درج ہونے پر پرواز سے متعلق اطلاع بروقت نہیں مل سکتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp