آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری میچ میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب جنوبی افریقہ کے بیٹنگ کوچ جے پی ڈمنی خود فیلڈنگ کرنے کے لیے میدان میں آگئے۔
پیر کو ابوظہبی میں ہونے والے اس میچ میں جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر اور ٹیم کے موجودہ بیٹنگ کوچ جے پی ڈمنی کے اس طرح اچانک گراؤنڈ میں آنے پر شائقین کرکٹ حیران رہ گئے تھے۔ تاہم، ڈمنی کے میدان میں آنے کی ایک ٹھوس وجہ تھی۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کے بعد اب آئرلینڈ سے شکست، جنوبی افریقہ کو ایک ماہ میں 2 بڑے جھٹکے
دراصل، ابوظہبی کے شدید گرم موسم اور حبس کے باعث جنوبی کے بیشتر کھلاڑیوں کو متاثر کیا تھا اور ٹیم میں متبادل کھلاڑیوں کے محدود آپشنز تھے، یہی وہ تھی کہ 39 سالہ جے پی ڈمنی کو فیلڈنگ کرنے کے لیے میدان میں آنا پڑا۔
جے پی ڈمنی کے جذبے کو شائقین نے خوب سراہا لیکن وہ اس میچ میں اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے اور آئرلینڈ نے جنوبی افریقہ سے یہ آخری ایک روزہ میچ 69 رنز سے جیت لیا۔ اس میچ میں آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے تھے، جواب میں جنوبی افریقہ ٹیم 46.1 اوورز میں 215 رنز بناسکی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کی تاریخی فتح، جنوبی افریقہ کو 117 رنز سے شکست دے کر پہلی بار سیریز جیت لی
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے درمیان 2 ٹی20 اور 3 ایک روزہ میچز کی سیریز 27 ستمبر سے 7 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی۔ دونوں ٹیموں نے ایک، ایک ٹی20 میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک روزہ میچوں کی سیریز جنوبی افریقہ نے 1-2 سے جیت لی۔