افغانستان کے بعد آئرلینڈ نے بھی جنوبی افریقہ کو شکست دے کر کرکٹ کی تاریخ کا ایک بڑا اپ سیٹ کردیا۔
آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین ابوظہبی میں کھیلی گئی 2 ٹی20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آئرلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 10 رنز سے ہرا کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کی تاریخی فتح، جنوبی افریقہ کو 117 رنز سے شکست دے کر پہلی بار سیریز جیت لی
اتوار کو کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ آئرلینڈ کی جانب سے اوپنر روس اڈیئر نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 58 گیندوں پر 100 رنز بنائے جبکہ کپتان پال اسٹرلنگ نے 31 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کے ویان ملڈر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آئرلینڈ کے 195 رنز کی جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بناسکی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ریزا ہینڈریک اور میتھیو بریٹزکی نے 51، 51 رنز بنائے۔ آئرلینڈ کے مارک اڈیئر نے جنوبی افریقہ کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ گراہم ہومے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ کا انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کا اعلان
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کو ایک ماہ میں 2 بار اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ ماہ 18 سے 22 سمتبر تک شارجہ میں کھیلی گئی 3 ون ڈے میچوں کی سیریز میں افغانستان نے جنوبی افریقہ کو 2 میچوں میں اپ سیٹ شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔