امارات کے سلطان النیادی اسپیس واک کرنے والے پہلے عرب خلاباز

جمعہ 7 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاباز سلطان النیادی کو 28 اپریل کو خلا میں چہل قدمی کرنے والے پہلے عرب خلاباز کا اعزاز حاصل ہوجائے گا۔
یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق، سلطان النیادی اس وقت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر عرب تاریخ کے طویل ترین خلائی مشن کے لیے موجود ہیں۔
اسپیس واک خلا میں معمول کی کارروائی ہوتی ہے جب ایک خلاباز خلائی سٹیشن کی دیکھ بھال اور اپ ڈیٹس کے لیے اسپیس شپ یا خلائی اسٹیشن سے باہر جاتا ہے۔
یہ خلائی چہل قدمی مشن تقریباً ساڑھے 6 گھنٹے تک جاری رہے گا اور اس میں ناسا کے فلائٹ انجینئر اسٹیفن بوون سلطان النیادی کے ہمراہ ہوں گے۔
خلائی چہل قدمی کے لیے منتخب خلابازانتخاب کے سخت عمل سے گزرتے ہیں اور انہیں انجینئرنگ، روبوٹکس اور لائف سپورٹ سسٹم جیسے مختلف شعبوں میں غیر معمولی تربیت دی جاتی ہے۔
سلطان النیادی نے خلائی چہل قدمی کی تیاری کے لیے ہیوسٹن، ٹیکساس میں جانسن اسپیس سینٹر میں ناسا کی نیوٹرل بوائینسی لیبارٹری میں 55 گھنٹے سے زیادہ تربیت حاصل کی ہے۔
اکتالیس سالہ سلطان النیادی 2 مارچ کو فلوریڈا میں ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے 6 ماہ کے خلائی مشن کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ وہ اس سائنس مشن کے دوران خلا میں انسانی خلیوں کی نشوونما سے لے کر مائیکرو گریویٹی میں آتش گیر مادوں کو کنٹرول کرنے تک کے تجربات کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp