وفاقی کابینہ نے 5 آئی پی پیز کے معاہدے منسوخ کرنے کی تجویز منظور کرلی

جمعرات 10 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی کابینہ نے پہلے مرحلے میں 5 آئی پیز کے معاہدے منسوخ کرنے کی تجویز منظور کرلی ہے، اس فیصلے کے بعد ملکی خزانے کو مجموعی طور پر 411 ارب روپے بچت ہوگی جبکہ بجلی صارفین کو 60 ارب روپے سالانہ فائدہ حاصل ہوگا اور فی یونٹ نرخ میں کمی ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں 5 آئی پیز پیز کے معاہدے منسوخ کیے جائیں گے، دیگر آئی پی پیز سے معاہدوں پر بتدریج نظر ثانی کرکے ٹیرف میں کمی لائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 5 آئی پی پیز نے کیپیسٹی پیمنٹ اور سود نہ لینے کا اعلان کردیا

وزیراعظم نے کہا کہ رواں سہ ماہی میں زرمبادلہ کے ذخائر 8.8 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ اور سمندر پار پاکستانیوں کا حکومت پر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 7 ماہ میں جو مشکلات درپیش تھیں ان میں کمی واقع ہوئی ہے، ان 7 ماہ میں عام پاکستانی نے مہنگائی اور زیادہ شرح سود کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کیا، عوام نے قربانی دی اور اب بتدریج حالات میں بہتری آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں وفاقی حکومت نے 200 یونٹ تک ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو 50 ارب روپے سے ریلیف دیا تھا جس سے ان کو کافی سہولت ملی، اسی طرح حکومت پنجاب نے 50 ارب روپے سے بجلی صارفین کو 2 ماہ کے لیے ریلیف دیا تھا جس سے عوام کو کافی فائدہ پہنچا، عوام کا شکریہ جنہوں نے صبر کے ساتھ مشکلات برداشت کیں۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگی بجلی: 10 برسوں میں آئی پی پیز قوم کے کتنے کھرب روپے لے اڑیں؟

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سنگدل حکمران آیا جس نے کہا کہ اسے ٹماٹر اور پیاز کی قیمت سے سروکار نہیں، لیکن ہمیں عوام کا احساس ہے اور پوری طرح سے ان کی مشکلات سے واقف ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے جو ہوسکتا ہے وہ کریں گے، مہنگائی سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ہے، حکومت نے بجلی کے لیے عارضی ریلیف دیا اور اب نواز شریف کی ہدایت کے مطابق آئی پی پیز سے معاہدے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے شعبہ میں چوری اور لائن لاسز کی مشکلات ہیں، آئی پی پیز معاہدے کے حوالے سے پاکستانی عوام کو شکوہ ہے، یہ آئی پی پیز اپنی سرمایہ کاری سے زیادہ منافع حاصل کرچکے ہیں، اب عام آدمی کا یہی سوال ہے کہ عوام کو کیا مل رہا ہے، اس حوالے سے حکومت 7 ماہ سے مسلسل دن رات کوشش کرتی رہی، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی سربراہی میں ٹاسک فورس بنی، صدر زرداری اور بلاول بھٹو نے مفید مشورے دیے، آرمی چیف کی کوششیں بھی سرفہرست ہیں، اسی لیے آج یہ فیصلہ ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک شروعات ہے جو مستقبل میں ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہوگا، سب کی مجموعی کوششوں سے اکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کے مسائل کو حل کریں، آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہونے پر قومی خزانے اور عوام کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچے گا، آئی پی پیز مالکان نے رضاکارانہ طور پر معاہدوں پر نظرثانی کی اور اب وزیر خزانہ ایک بار پھر آئی ایم ایف سے بات کریں گے، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں چین اور سعودی عرب نے کردار ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp