بلاول بھٹو کی نواز شریف سے ملاقات، مجوزہ آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال

جمعرات 10 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مسلم لیگ کے صدر نواز شریف سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور ملک کی مجموعی صورتحال اور درپیش مسائل خصوصاً مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

بلاول بھٹو آئینی ترمیم سے متعلق اتفاق رائے پیدا کرنے کی غرض سے سیاسی قائدین سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور ان کی سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات بھی ان کی اسی ایجنڈے کا حصہ ہے، حکمراں اتحاد میں شامل دونوں رہنما بظاہر مجوزہ آئینی ترامیم پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:آئینی ترمیم کے لیے حکومت کے پاس ضمیر پر ووٹ لینے کا آپشن موجود ہے، بلاول بھٹو

نواز شریف سے ملاقات کے لیے بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، رضا ربانی، پیپلز پارٹی کی نائب صدر پارٹی شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر اور مرتضیٰ وہاب بھی تھے، جبکہ مسلم لیگ کی جانب سے احسن اقبال، راناثناءاللہ، مریم اورنگزیب، پرویز رشید اور سینیٹر عرفان صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے لیے حکومت کے پاس ضمیر پر ووٹ لینے کا آپشن موجود ہے لیکن اس کے باوجود اتفاق رائے چاہتے ہیں، انہوں نے 25 اکتوبر تک آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے منظوری امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ترمیم اس کے بعد بھی ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے عدالتی اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ کیا ہے، ستمبر میں آئینی ترمیم پاس کرانے کی کوشش کی گئی تاہم نمبر پورے نہ ہونے کی وجہ سے حکومت نے ترمیم کو موخر کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ جلد دوبارہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرکے ترمیم منظور کرلی جائے گی۔

مزید پڑھیں:عدلیہ کی آزادی کے بعد صرف وردی والے آئینی ترمیم کرسکتے ہیں، بلاول بھٹو

آئینی ترمیم کے معاملے پر جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان انتہائی اہمیت اختیار کرگئے ہیں، سینیٹ میں ترمیم پاس کرانے کے لیے حکومت کے پاس 5 ووٹ کم ہیں اور مولانا فضل الرحمان کے ارکان کی تعداد بھی 5 ہی ہے، جے یو آئی کے کامران مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ایک سے 2 روز میں جے یو آئی کا آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آجائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp