سعودی البیک فوڈ سسٹمز کمپنی اور پاکستانی گو کمپنی نے پاکستان میں البیک کے توسیعی منصوبے کے مواقع تلاش کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح کی سرپرستی میں اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت سعودی اور پاکستانی فریقین کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:معروف سعودی فاسٹ فوڈ چین ‘البیک’ پاکستان کب آرہی ہے؟
سعودی وزارت سرمایہ کاری پاکستان میں البیک کی توسیعی کوششوں کی حمایت کرتی ہے، مذکورہ تقریب سعودی برانڈز کو بین الاقوامی سطح پر وسعت دینے اور عالمی اقتصادی میدان میں مملکت کی حیثیت کو بڑھانے کے لیے سعودی وزارتِ سرمایہ کاری کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔
سعودی کمپنی البیک اور پاکستانی کمپنی گو کے درمیان مفاہمت کی اس یادداشت پر دستخط ایک اہم اقدام قرار دیا جارہا ہے، جو کہ سعودی ویژن 2030 کا عکاس ہے، جس کے تحت بھرپور قومی مہارت کی برآمدات کو بڑھانا اور عالمی سطح پر سعودی تجارتی توسیع کے لیے نئے افق کھولنا شامل ہیں۔
مزدی پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے
سعودی اعلامیہ کے مطابق سعودی وزارت سرمایہ کاری اس یادداشت کا مقصد اسلامی جمہوریہ پاکستان میں البیک ریستوراں قائم کرنے اور چلانے کے لیے ایک اسٹریٹجک شراکت داری کے امکان کو تلاش کرنا ہے، جو پاکستان میں البیک کی توسیع کی حکمت عملی میں ایک اہم قدم ہے۔
واضح رہے کہ گو کمپنی، جس میں سعودی آرامکو نے 40 فیصد حصص حاصل کیے ہیں، پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے میں ایک سرکردہ ادارہ ہے، یہ شراکت داری اپنی معیشت کو متنوع بنانے اور غیر ملکی منڈیوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مملکت کے عزم کو واضح کرتی ہے۔