وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کی ذمہ داری نبھائی، وزیراعظم شہباز شریف
اس کے علاوہ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کے افسران کو ایگزیکٹو الاؤنس دینے کا بھی اعلان کیا۔
شہباز شریف نے کہاکہ اسلام آباد پولیس کے شہید ہونے والے 64 افسران اور جوانوں میں سے صرف 20 کو شہدا پیکج ملا تھا، اب رہ جانے والے 44 شہدا کو پیکج جلد مل جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ پولیس کو میڈلز دینے کا منصوبہ بھی بحال کردیا گیا ہے، اور تمام کیسز یکسو کیے جائیں گے۔
انہوں نے حال ہی میں احتجاج کے دوران شہید ہونے والے پولیس سپاہی عبدالحمید شاہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد پولیس کے تمام افسروں اور جوانوں کی بہادری قابل تعریف ہے۔
یہ بھی پڑھیں ’اسلام آباد پولیس کو پنجاب پولیس بننے سے روکا جائے‘، رشوت لینے کی ویڈیو پر تنقید
وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اگر اسلام آباد پولیس میں افسران اور جوانوں کی کمی ہے تو فی الفور میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں۔