پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 15اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والا احتجاج منسوخ کرنا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے مشروط کردیا۔ پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی اٹھانے کی شرط رکھتے ہوئے احتجاج ملتوی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرا دیں احتجاج ملتوی کردیں گے۔ اگر نہیں کرواتے تو ہم بھرپور احتجاج کریں گےم کسی قسم کا کوئی نقصان ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔
مزید پڑھیں: ڈی چوک احتجاج: علی امین گنڈاپور کی مخالفت، اجلاس میں تلخ جملوں کا تبادلہ
علاوہ ازیں گزشتہ روز تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بھی ہوا تھا، جس کی صدارت سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کی تھی۔ دوران اجلاس پارٹی کے اراکین کی احتجاج کی کال سے متعلق متضاد تجاویز سامنے آئیں۔
بعض اراکین نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے باعث احتجاج ملتوی کرنے کی تجویز دی جبکہ شہباز گل اور خالد خورشید سمیت دیگر اراکین نے احتجاج ملتوی کرنے کی مخالفت کی۔
کور کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی حکومت کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرا دی جاتی ہے تو احتجاج کی کال واپس لی جاسکتی ہے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کی کال دے دی
تاہم، تمام اراکین نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا اور پریشان دکھائی دیے۔ کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ 14 اکتوبر تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی صورت میں احتجاج ملتوی کر دیں گے۔
ڈاکٹر، وکیل یا کسی بھی پارٹی رہنما کی عمران خان سے ملاقات کرا دی گئی تو احتجاج ملتوی کر دیا جائے گا۔