کراچی میں معمر خاتون کا شہری کو لوٹنے کا انوکھا واقعہ

اتوار 13 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں آئے روز لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ وارداتوں میں نت نئے طریقوں کو اپنایا جا رہا ہے اور اب خواتین کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا جس کی وجہ سے شہری با آسانی جال میں پھنس جاتے ہیں۔

کراچی کے علاقے سنگر چورنگی، کورنگی میں ایک واردات ہوئی جس کی اطلاع متاثرہ شخص حذیفہ نے تھانہ عوامی کالونی میں دی، متاثرہ شخص نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ ایک روز قبل رات 8 بجے وہ اپنے دفتر سے گھر کے لیے معمول کے مطابق جا رہے تھے کہ ان سے ایک معمر خاتون نے لفٹ لینے کے لیے ہاتھ سے اشارہ کیا۔

مزید پڑھیں:خاتون کو موٹر سائیکل پر لفٹ دینے سے پہلے سوچ لیں، ورنہ ایسا بھی ہوسکتا ہے؟

متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ بائیک روکنے پر معمر خاتون نے ان سے لفٹ لینے کا کہا اور بولا کہ آگے تک انہیں چھوڑ دیں، میں نے انہیں لفٹ دی کچھ فاصلے کے بعد معمر خاتون نے کنپٹی پر اسلحہ رکھا اور کہا جو ہے وہ دے دو اپنی جان کے خوف سے جیب میں موجود 5 ہزار روپے اور موبائل فون خاتون کو دے کر کورنگی نمبر 5 پر اسے اتار دیا۔

متاثرہ شہری کے مطابق معمر خاتون بائیک سے اتری اور دیگر نامعلوم افراد کے ساتھ بائیک پر بیٹھ کر چلی گئیں، انہوں نے پولیس سے درخواست کی کہ اس گروہ کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp