فرسٹ آن لائن انٹرنیشنل تائی کوانڈو چیمپئین شپ میں کیا ہوا؟

پیر 14 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سہولیات کے فقدان کے باوجود آزاد کشمیر کے پسماندہ علاقے کے بچوں نے میدان مار لیا قومی اور عالمی مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیے۔

آزاد کشمیر میں سہولیات کے فقدان کی باوجود  9 سال کے بچے  سلطان محمد فاتح نے  تائیکوانڈو اور  کراٹے میں قومی اور عالمی سطح پر گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ  11 سال کی سیرت فاطمہ اور 14 سال کے فہد وقار نے بھی گولڈ میڈل حاصل کیا۔

ان تینوں  بچوں کا تعلق آزاد کشمیر کی دور دراز گاؤں برسالہ سے ہے اور  وہ  تائیکوانڈو  لورز کلب آزاد جموں و کشمیر میں تربیت لیتے ہیں۔ اس کلب میں سہولیات کا فقدان ہے۔ یہ کلب آن لائن انٹر نیشنل  تائیکوانڈو  چیمپئن شپ مقابلے میں  15 ویں نمبر پر رہا اور اس مقابلے میں  کل 21 ممالک کے 55 کلبز نے شرکت کی تھی۔

انڈیا 16 ویں نمبر پر رہا۔ اسی کلب کے 3 بچوں نے گولڈ میڈل جب کہ 2 نے سلور اور 6 نے براؤن میڈل حاصل کیے ۔

ذیشان برسالہ کے ایک کلب میں بچوں کو کراٹے سکھاتے ہیں۔ ان کے کلب میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ذیشان عباسی نے کہا پہلی آن لائن انٹر نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن میں 21 ممالک کی ٹیمز نے حصہ لیا جس میں آزاد کشمیر کی ٹیم نے 15 ویں پوزیشن حاصل کی۔

ذیشان نے کہا کہ انہیں اس بات کی زیادہ خوشی ہے کہ ان کا کلب بھارت کے کلب سے آگے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے کلب نے اس مقابلے میں آزاد کشمیر کی نمائندگی کی اور بھارت سے آگے رہا۔ ہمارے کلب کے بچوں نے اس مقابلے میں اعلیٰ کارکردگی کی بنا پر گولڈ، سلور اور برونز میڈل حاصل کئے ہیں۔

ذیشان عباسی نے کہا کہ ان کے کلب کو قائم ہوئے ابھی ایک سال ہوا ہے اور وہ گاؤں کے بچوں کو کراٹے سکھا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے کلب کے بچوں نے قومی سطح کے مقابلوں میں بھی گولڈ اور براؤنز میڈل حاصل کیے ہیں۔

اس کلب میں بچوں کے ساتھ ساتھ بچیوں کو بھی کراٹے سکھائے جاتے ہیں۔ وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سیرت فاطمہ نے کہا کہ انہوں نے 2 بار مقابلوں میں حصہ لیا اور  اچھی کارکردگی پر گولڈ اور براؤنز  میڈل حاصل کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقابلوں کے لیے حکومتی یا کسی ادارے نے  ان سے تعاون نہیں کیا۔ انہوں نے بغیر کسی تعاون کے کامیابی حاصل کی ہے۔ سیرت فاطمہ کا کہنا تھا کہا کہ اگر حکومت ان کی مدد کرے تو وہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے ملک کا نام روشن کر سکتی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ان کے کلب میں سہولیات نہیں ہیں وہ مٹی میں کلاس لیتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میٹ نہ ہونے کی وجہ سے ان کو اسٹریچنگ میں بھی مسئلہ ہوتا ہے۔

سلطان محمد فاتح بھی اس کلب میں کراٹے سیکھتے ہیں۔وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وہ نیشنل مقابلے میں ملتان گئے اور 3 مقابلوں میں حصہ لیا اور تینوں جیتے۔

انہوں نے کہا کہ وہاں پورے پاکستان سے بچوں نے حصہ لیا تھا اور انہوں نے وہاں جا کر بہت سی ایسی چیزیں دیکھیں جو ان کے کلب میں نہیں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp