پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی چین کا عزم ہے، چینی وزیر اعظم لی چیانگ

پیر 14 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتہ سے جڑے ہوئے ہیں، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاک چین ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے عزم کی علامت ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہمارا عزم ہے اور ہمارے دل کے بہت قریب ہے۔

پیر کو اسلام آباد میں ’نیوگوادر انٹرنینشل ایئرپورٹ کی ورچوئل افتتاحی اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے کہا کہ کہ گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے، سی پیک منصوبوں کی تکمیل کے لیے پاکستان اور چین کی افرادی قوت کی کاؤشیں قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں گوادرانٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تکمیل سے دونوں ممالک کے ایک اور خواب کی تکمیل ہوئی ہے۔

لی چیانگ نے کہا کہ گوادرایئرپورٹ علاقائی رابطہ کاری کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ایک صحرائی علاقے میں عالمی معیار کا ایئرپورٹ پاکستان اور چین کی دوستی کی ایک مثال اور افرادی قوت کی بے پناہ لگن اور محنت کا نتیجہ ہے۔

ایئرپورٹ کے تکمیل سے پاکستان کے اندر عالمی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور یہاں کے عوام اور علاقے کی ترقی میں بھی بے پناہ اضافہ ہوگا، مغربی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہو گی۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی چین کا عزم ہے اور یہ ہمارے دل کے بہت قریب ہے، گوادر ایئر پورٹ کی تکمیل بھی پاکستان اورچین کے ترقیاتی منصوبوں کے عزم کی علامت ہے۔ گوادرعلاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ دونوں ملکوں کی مضبوط دوستی کابھی عکاس ہے۔

لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے چین اپنا کرداراداکرتا رہے گا، پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے بہت قریب ہے، دونوں ملکوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے شراکت داری وقت کے ساتھ گہری ہو رہی ہے۔

پاکستان کی ترقی کے لیے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں، شہباز شریف

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین نے صنعت، زراعت اور تجارت کے شعبے میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا ہے، دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ملکوں کے درمیان نئے باب کااضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں، معاشی ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں چین نے نمایاں کرداراداکیا، گودار انٹرنیشنل ایئرپورٹ دونوں ملکوں کی مضبوط دوستی کامظہر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گوادر ایئرپورٹ سی پیک کے گلدستے میں ایک اور پھول کا اضافہ ہے، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی سیلاب، زلزلوں اور طوفانوں کے باوجود قائم ہے۔ یہ ہمیشہ رہنے والی دوستی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔

منصوبوں کی تکمیل کے لیے دونوں ممالک کے انجینیئرز اور ورکرز کی کاؤشوں کو سراہتے ہیں۔

مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اس سے قبل پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور چینی ہم منصب لی چیانگ نے شرکت کی، دونوں ملکوں کے درمیان اسمارٹ کلاس رومز کے حوالے سے دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا، سی پیک کے تحت گوادر پر 7 ویں جوائنٹ ورکنگ گروپ اجلاس کے نکات کی دستاویز کا بھی تبادلہ کیا گیا۔

سی پیک ورکنگ گروپ سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی دساویز کا بھی تبادلہ، اطلاعات و مواصلات کے شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت طے کی گئی، پاکستان اور چین کے درمیان آبی وسائل کے شعبے میں بھی مفاہمتی یادداشت طے کی گئی، دونوں ممالک کے درمیان سلامتی کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔ پاکستان اور چین کے درمیان کرنسی کے تبادلے کا بھی معاہدہ طے پا گیا ہے۔

میں انہوں نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت تعاون سمیت پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

 اسمارٹ کلاس رومز کے سرٹیفکیٹ کی حوالگی کے منصوبے کی دستاویزات پر اقتصادی امور کے وزیر احد خان چیمہ اور چین کے وزیر تجارت وانگ وینٹاؤ نے دستخط کیے۔

 اس دوران سی پیک جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے 13 ویں اجلاس اور سی پیک کے تحت گوادر سے متعلق ساتویں جوائنٹ ورکنگ گروپ کے منٹس کا تبادلہ کیا۔

 وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چائنا انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لو ژاؤہوئی نے سی پیک کے ذریعہ معاش ورکنگ گروپ پر تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت کا تبادلہ کیا۔

پاکستان اور چین نے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن، پانی اور حفظان صحت کی سہولیات، سیلاب پر قابو پانے اور آفات میں کمی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ اقتصادی امور کے وزیر احد خان چیمہ اور چائنا انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لو ژاؤہوئی نے کیا۔

 احد چیمہ اور لیو ژاؤہوئی نے ’جی ڈی آئی کے تحت انسانی وسائل کی ترقی‘ اور ’اسلام آباد میں آگ بجھانے والی گاڑیوں کے معاون پروگرام‘ پر لیٹرز آف ایکسچینج کی دستاویزات کا تبادلہ بھی کیا۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے سیکرٹری ساجد بلوچ اور چینی سفیر جیانگ زیدونگ نے لیبارٹریوں کی مشترکہ معاونت کے لیے مفاہمت کی یادداشت کا تبادلہ کیا۔

دونوں ممالک نے ’ٹی وی پروگراموں کی مشترکہ تیاری‘ پر بھی اتفاق کیا اور دستاویز پر وزارت اطلاعات و نشریات کی سیکرٹری امبرین جان اور چینی سفیر زیدونگ نے دستخط کیے۔

وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین اور پاکستان میں چین کے سفیر جیان زیدونگ نے چین کو گدھے کا گوشت برآمد کرنے کے پروٹوکول کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp