کالعدم بی ایل اے دکی کی کوئلہ کانوں سے یومیہ لاکھوں روپے بھتہ وصول کرتی ہے، صوبائی وزیر کا انکشاف

پیر 14 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 بلوچستان کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبد الرحمان کھیتران نے انکشاف کیا ہے کہ کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) دکی کی کوئلہ کانوں سے 40 لاکھ روپے بھتہ وصول کررہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دکی میں مزدوروں کا قتل، عینی شاہد نے کیا دیکھا؟

 سوموار کے روز بلوچستان اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی  سردار عبد الرحمان کھیتران نے کہا کہ پچھلے چند عرصے کے دوران لورالائی ڈویژن میں دہشتگردی کے مختلف واقعات میں 50 افراد قتل کیے گئے۔

عبد الرحمان کھیتران نے کہا کہ کسی کی 50 مرغیاں بھی حلال کردی جائیں تو گاؤں میں کہرام مچ جاتا ہے لیکن یہاں تو یومیہ ایک شخص کو قتل کیا جارہا ہے، ایسے میں حکومتی سنجیدگی یہ ہے کہ واقع کے بعد ڈی سی اور ڈی پی او کا تبادلہ کردیا جاتا ہے۔

’کالعدم تنظیم صوبے میں اپنی رٹ قائم کرنا چاہتی ہے‘

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں گڈ گورننس نہیں، کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی صوبے میں اپنی رٹ قائم کرنا چاہتی ہے، دہشتگرد تنظیم نے عوام میں خوف وہراس پیدا کیا گیا تب ہی لوگ ان عناصر کو بھتہ دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کان کنوں کی ہلاکت کیخلاف دکی شہر میں ہڑتال، مزدوروں کا لاشوں کے ہمراہ احتجاج

انہوں نے کہا کہ موسی خیل میں کالعدم تنظیموں کا کیمپ موجود ہے لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا، حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنا ہوگی اور معاملے کو سنجیدگی سے حل کرنا ہوگا، اگر ہم نے ان کے خلاف کاروائی نہیں کی تو کل کو یہی کالعدم تنظیمیں اٹھ کر فیصلہ کریں گی۔

عبد الرحمان کھیتران نے انکشاف کیا کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے  یومیہ دکی کی کوئلہ کانوں سے 40 لاکھ روپے بھتہ وصول کررہی ہیں، جو جناح روڈ پر واقع نجی بینک میں کالعدم تنظیم کے اکاونٹ میں جمع ہوتا ہے، اس کے علاوہ کوئٹہ کے سٹہ نالے کے اطراف اور گائے خان چوک پر کالعدم تنظیم کے کارندے بھتہ وصول کرتے ہیں

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp