اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ چین کے وزیراعظم کا حالیہ دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے، اجلاس سے علاقائی استحکام کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا بااعتماد اور مخلص دوست ہے اور پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی چین کا عزم ہے، چینی وزیر اعظم لی چیانگ
اسپیکر نے چینی وزیراعظم کو بتایا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کو بہت اہمیت دیتا ہے، اس کے حالیہ اجلاس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا۔ پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کے منصوبے دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ اس موقع پر توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔ اسپیکر نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون سے پاکستانی عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے تعلیمی اور سائنسی تعاون بڑھانے کی بھی ضرورت دیا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے علاقائی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے چینی وزیراعظم کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے گرمجوشی سے مصافحہ
ایاز صادق نے امید ظاہر کی کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم سے علاقائی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر علاقائی امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چین پاکستان کا اسٹریٹجک شراکت دار، مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ پاکستان اور چین کے مابین پارلیمان کی سطح پر تعاون بڑھایا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں پارلیمانی وفود کے تبادلے کو فروغ دینے اور قومی اسمبلی اور چینی پارلیمان کے مابین روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔ جبکہ اسپیکر ایاز صادق نے امید ظاہر کی کہ چین کے وزیراعظم کا حالیہ دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔