بیٹوں سے بات نہ کروانے کا شکوہ، خواجہ آصف کا جمائما کی ٹوئیٹ پر ردعمل

بدھ 16 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹوں کے والد کے ساتھ مستقل طور پر نرمی برتی گئی جبکہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں بالکل نرمی نہیں برتی۔

سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر جمائما گولڈ اسمتھ کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے لکھا کہ اس شخص نے اپنے مخالفین کے لیے کبھی نرمی نہیں دکھائی تھی، نواز شریف کو اپنی قریب المرگ اہلیہ سے فون پر بات کرنے کی اجازت تک نہیں دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: عمران خان سے متعلق صورتحال تشویش ناک ہے، بیٹوں کو بھی بات نہیں کرنے دی جا رہی، جمائما گولڈ اسمتھ

خواجہ آصف نے کہا اپوزیشن کے متعدد رہنماؤں کو بغیر کسی الزام کے جیل میں رکھا گیا تھا جبکہ عمران خان کو جیل میں مستقل طور پر نرمی برتی جارہی ہے، اہل خانہ سے بھی بات کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستانی حکام پر عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی دنوں سے ان کے بیٹوں کو عمران خان سے ٹیلی فون پر بات کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور ان کی صحت کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

منگل کو عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک طویل ٹویٹ جاری کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے میرے بیٹوں کے والد عمران خان کے جیل میں علاج کے حوالے سے سیریس اور تشویشناک صورت حال سامنے آئی ہے۔ پاکستانی حکام کی جانب سے ان کے اہل خانہ اور ان کے وکلا کو ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ عمران خان سے متعلق تمام عدالتی سماعتیں بھی ملتوی کردی گئی ہیں۔ ان سے ملنے پر پابندی کے علاوہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کو ہفتہ وار فون کالز پر بھی 10 ستمبر سے پابندی عائد ہے۔

جمائما خان نے لکھا کہ ہمیں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ حکام نے اب ان کے سیل کی لائٹس اور بجلی بھی بند کردی ہے اور انہیں اب کسی بھی وقت اپنے جیل سیل سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔

یہ پڑھیں: جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستانیوں کی تمام ای میلز کیوں بلاک کیں؟

جمائما نے دعویٰ کیا ہے کہ جیل کے باورچی کو بھی چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ اب وہ مکمل طور پر الگ تھلگ ہیں، قید تنہائی میں، ان کے بولنے پر بھی پابندی عائد ہے، ان کا بیرونی دنیا سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

جمائما گولڈ اسمتھ کے مطابق ان کے وکیل ان کی حفاظت اور صحت سے متعلق فکرمند ہیں۔ یہ اقدامات عمران خان کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ ان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے ارکان اور حامیوں کو مسلسل نشانہ بنانے کے تناظر میں سامنے آئے ہیں تاکہ انہیں اور پاکستان میں تمام حزب اختلاف کو خاموش کرایا جا سکے۔

جمائماگولڈ اسمتھ نے مزید لکھا کہ’عمران خان کے بھتیجے حسان نیازی جو ایک عام شہری ہیں، اگست 2023 سے فوجی تحویل میں ہیں۔ ابھی حال ہی میں عمران خان کی بہنوں عظمیٰ اور علیمہ خان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ وہ پرامن طریقے سے ایک مظاہرے میں شریک ہوئی تھیں اور انہیں اس وقت جیل میں رکھا گیا ہے، حالانکہ ان کی قید کی کوئی مناسب یا قانونی بنیاد موجود نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میرے بچوں قاسم اور سلیمان کا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں ہے، جمائما گولڈ اسمتھ

انہوں نے لکھا کہ’رواں سال جون میں اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ برائے ماورائے قانون حراست نے بھی کہا تھا کہ عمران خان کو غیر قانونی اور من مانے طریقے سے حراست میں رکھا گیا ہے اور انہوں نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے لکھا کہ ہم فوری طور پر عمران خان، ان کی بہنوں اور بھتیجے کی رہائی کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹوں کا اپنے والد کے ساتھ رابطہ دوبارہ قائم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ انہیں براہ راست یقین دہانی کرائی جا سکے کہ وہ صحت مند ہیں اور ان کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp