پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ نے پاکستان کے 366 رنز کے جواب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنالیے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی اننگز 366 رنز پر اختتام پذیر ہوئی تو انگلینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ 114، جوروٹ 34 اور اولی پوپ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ جیمی سمتھ اور بریڈن کارس وکٹ پر موجود ہیں۔
قومی ٹیم کی جانب سے ساجد خان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ نعمان علی نے 2 وکٹیں لیں۔
پاکستان کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مہمان ٹیم کو مزید 127 رنز درکار ہیں اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔
ملتان میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 366رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 118رنز کامران غلام نے بنائے، اس کے بعد صائم ایوب نے 77رنز اسکور کیے۔ تاہم، انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے4 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے دوسرے روز پاکستان نے 5 کھلاڑی آؤٹ اور 259 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا، شروعات میں ہی پاکستان کے محمد رضوان نے 41رنز پر اپنی وکٹ گنوا دی، دوسری وکٹ سلمان علی آغا کی 31رنز پر گری اور اس کے بعد ساجد خان بھی 2رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ عامر جمال اور نعمان علی نے ٹیم کو سہارا دیا اور نویں وکٹ پر 49رنز کی شراکت داری قائم کی۔ عامر جمال 37رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور نعمان علی 32رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، برائڈن کارس نے 3، میتھیو پوٹس نے 2 اور شعیب بشیر نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خالد عباداللہ پہلے پاکستانی بلے باز تھے، جنہوں نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں سینچری اسکور کی تھی۔ انہوں نے اکتوبر 1964 میں یہ اعزاز کراچی میں آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا تھا۔
خالد عباد کے بعد کامران غلام نے بھی ڈیبیو ٹیسٹ سینچری بنا کر منفرد اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ انہوں نے 191 گیندیں کھیل کر اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں پہلی سینچری مکمل کی۔ کامران غلام 13ویں پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر ہیں، جنہوں ٹیسٹ ڈیبیو میں سینچری اسکور کی۔
پہلا روز
دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف 5 وکٹ کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز کا آغاز ہوا تو عبداللہ شفیق ایک مرتبہ پھر محض 7 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، کپتان شان مسعود 3 اور سعود شکیل 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ گرین شرٹس نے ابتدائی 2 وکٹیں محض 19 رنز پر گنوادیں۔
مزید پڑھیں: پاک انگلینڈ سیریز، ملتان ٹیسٹ میں پہلے روز کا کھیل ختم، قومی ٹیم نے 259 رنز بنالیے
بعدازاں صائم اور کامران نے 149 رنز کی پارنٹرشپ قائم کرکے پاکستان کا اسکور مستحکم کیا۔ تاہم، صائم 77 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔ ڈیبیو پر سینچری بنانے والے کامران غلام 118 رنز کی اننگز کھیل کر ٹاپ اسکورر رہے۔ محمد رضوان 37 اور سلمان آغا 5 رنز سے کل اننگز کو آگے بڑھائیں گے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 2 جبکہ شعیب بشیر، میتھیو پوٹس اور برائیڈن کارس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ مہمان ٹیم کیخلاف جلد بڑا اسکور کھڑا کرکے انہیں انڈر پریشر لائیں۔
اس موقع پر انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، دوسرا ٹیسٹ بھی جیت کر سیریز اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کا اپنی جگہ ٹیم میں شامل کامران غلام کے لیے خصوصی پیغام
15 سے 19 اکتوبر کے دوران کھیلے جانے والے میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے پلئینگ الیون کا اعلان پہلے ہی کردیا تھا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں 3 اسپیشلسٹ اسپنرز کو شامل کیا ہے جبکہ عامر جمال بطور آل راؤنڈر 11 رکنی ٹیم کا حصہ ہیں۔ شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان، زاہد محمود۔
مزید پڑھیں:دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، بابر، شاہین اور نسیم آؤٹ
انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پلئینگ الیون کا اعلان کردیا ہے، کپتان بین اسٹوکس اور میٹ پوٹس کی پلئینگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔ فاسٹ باولرز گس ایٹکنسن اور کرس ووکس کو دوسرے ٹیسٹ سے آرام دیا گیا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم زیک کراؤلی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جوئے روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمی اسمتھ، برائیڈن کرس، میٹ پوٹس، جیک لیچ اور شعیب بشیر پر مشتمل ہے۔
کامران غلام کو ٹیسٹ کیپ مل گئی
پاکستانی بلے باز کامران غلام کو ٹیسٹ کیپ مل گئی ہے۔ وہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کھیلنے والے 257ویں کھلاڑی ہیں۔ ٹیم میں موجود سینئر کھلاڑی وکٹ کیپر محمد رضوان نے کامران غلام کو ٹیسٹ کیپ پہنائی۔ اس موقع پر بابراعظم کی جگہ لینے والے بلے باز بہت خوش دکھائی دیے۔
Pakistan’s Test player No. 2️⃣5️⃣7️⃣ @KamranGhulam7 is ready to make his country proud 🤩🧢#PAKvENG | #TestAtHome pic.twitter.com/cfJSUkYjLU
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 15, 2024
یاد رہے کہ ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 47رنز سے شکست دی تھی۔ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان وہ واحد ٹیم بن گئی جس نے پہلی اننگز میں 500رنز بھی بنائے اور ایک اننگز سے شکست بھی ہوئی۔ کپتان شان مسعود نے بھی تاریخی شکست کے بعد ایک ریکارڈ اپنے نام کیا، وہ واحد کپتان ہیں جنہوں نے کپتانی سنبھالنے کے ساتھ ہی اوپر تلے 6میچ ہارے ہیں۔ پے در پے شکستوں کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے بعد سب سے آخری نمبر پر براجمان ہے۔