بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کو 24 گھنٹوں کے دوران 2 ارب ڈالر کا بھاری نقصان اٹھانا پڑگیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کیپٹل مارکیٹ پورے تجارتی سیشن کے دوران اتار چڑھاؤ کا شکار رہی، جس کے باعث مکیش امبانی کی سربراہی میں قائم ریلائنس انڈسٹری کے حصص کی قیمت میں 2 فیصد کمی واقع ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں ارب پتی مکیش امبانی نے کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کمپنی خرید لی؟
کیپٹل مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باعث کمپنی کے شیئر میں کمی ہوئی تو مکیش امبانی کو ایک دن میں 2 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
مکیش امبانی کو جونہی 2 ارب ڈالر کا جھٹکا لگا تو ان کی پوزیشن بلومبرگ کی ارب پتی شخصیات کی فہرست میں تبدیل ہوگئی ہے۔
ایشیا کی امیر ترین شخصیت کہلانے والے مکیش امبانی بلومبرگ بلین ایئرز انڈیکس میں 102 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ 15ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب اڈانی گروپ کے چیئرپرسن گوتم اڈانی کی مجموعی دولت میں 266 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ان کی مجموعی دولت 99.2 بلین ڈالر ہوگئی ہے اور وہ عالمی ارب پتی شخصیات کی فہرست میں 18ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں مکیش امبانی ایک بار پھر بھارت کے امیر ترین فرد بن گئے، کل مالیت کتنی ہوگئی؟
ٹیسلا کے بانی ایلون مسک بدستور دنیا کے امیر ترین شخص ہیں، جن کی مجموعی دولت 241 بلین ڈالر ہے، جبکہ ان کے بعد ایمیزون کے بانی جیف بیزوس 211 بلین ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔