2 اسرائیلی ’مرکاوا‘ ٹینک کیسے تباہ کیے؟ حزب اللہ نے ویڈیو جاری کردی

جمعرات 17 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں حملہ آور 2 جدید ترین اسرائیلی ’مرکاوا‘ ٹینکوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

حزب اللہ کی جانب سے آج صبح سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ایک اسرائیلی مرکاوا ٹینک کو حزب اللہ کے اینٹی ٹینک میزائل حملے کے بعد جلتے ہوئے دکھایا گیا ہے، اور کہا گیا ہے کہ ٹینک میں سوار اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: حزب اللہ کے حملے تیز، تل ابیب ایئرپورٹ بند، لاکھوں اسرائیلی پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور

میڈیا رپورٹس کے مطابق، جنوبی لبنان کے جس علاقے میں ٹینک پر حملہ کیا گیا، اسی علاقے میں متعدد اسرائیلی فوجی گاڑیوں میں آگ لگنے کا بھی بتایا جارہا ہے اور اسرائیلی ریسکیو ٹیموں کے وہاں بروقت نہ پہنچنے کے باعث متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو کے کچھ دیر بعد حزب اللہ کی جانب سے ایک اور بیان جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ایک اور اسرائیلی مرکاوا ٹینک کو تباہ کردیا گیا ہے جبکہ ٹینک میں سوار اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

قبل ازیں، جنوبی لبنان کے سرحدی علاقوں میں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں کم از کم 5 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، حزب اللہ اسرائیلی انفنٹری کو ایک جانب کلوز رینج جھڑپوں میں مصروف رکھتی ہے اور دوسری جانب اس کے جنگجو اسرائیلی فوج، غیرقانونی بستیوں اور عسکری تنصیبات کو راکٹوں سے نشانہ بناتے ہیں جس کی وجہ سے اسرائیل فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

واضح رہے کہ حزب اللہ نے پچھلے 11 ماہ کے دوران اسرائیلی فوج کے 2 ہزار 500 سے زیادہ فوجی مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ حزب‌الله کا کہنا ہے کہ اس کی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک غزہ اور لبنان پر اسرائیلی حملے نہیں رکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp