بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کے آخری ٹیسٹ کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے، بھارت کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی دو میچوں کی سیریز کے دوران، بنگلہ دیش کے پریمیئر آل راؤنڈر نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ اپنے ملک میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
دوسری جانب بنگلہ دیش میں مظاہرے ختم ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے اور ایسی صورتحال میں شکیب الحسن نے اب اپنے ڈھاکہ جانے کو خارج از امکان قرار دیدیا ہے، جہاں مہمان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شکیب الحسن کے بعد بنگلہ دیش کے ایک اور کھلاڑی پر مقدمہ درج
شکیب الحسن کیخلاف اس وقت ڈھاکہ میں مظاہرے ہو رہے ہیں، معروف بنگلہ دیشی کرکٹر کو جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو اس کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں ان کا آخری ٹیسٹ ثابت ہونے جا رہا تھا۔
تاہم، ای ایس پی این کرک انفو سے بات کرتے ہوئے، شکیب الحسن نے تصدیق کی ہے کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ آیا وہ اپنے آخری ٹیسٹ کے لیے ڈھاکہ کا سفر کرسکیں گے۔ ’مجھے نہیں معلوم کہ میں آگے کہاں جا رہا ہوں، لیکن یہ تقریباً یقینی ہے کہ میں گھر نہیں جا رہا۔‘
مزید پڑھیں: شکیب الحسن کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
واضح رہے کہ اپنےآبائی شہر ماگورا سے بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے رکن شکیب الحسن جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ پہلے ٹیسٹ کے لیے بنگلہ دیشی اسکواڈ میں ابھی تک شامل ہیں، حالیہ بدامنی اور حکومت مخالف احتجاج کے دوران شکیب الحسن بھی ان 147 افراد میں سے ایک تھے، جنہیں مبینہ طور پر قتل کے مقدمہ میں نامزد کیا گیا تھا۔
بنگلہ دیش میں شکیب کے خلاف احتجاج
بنگلہ دیش کے چیف سلیکٹر غازی اشرف حسین نے کہا ہے کہ انہیں شکیب کے بارے میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے کوئی ہدایات نہیں ملی ہیں، اس ہفتے کے شروع میں، سلیکٹر حنان سرکار نے کہا تھا کہ انہوں نے حکام کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی آل راؤنڈر شکیب الحسن کا انتخاب کیا گیا ہے۔
شکیب الحسن کو بنگلہ دیش میں محفوظ داخلے کی یقین دہانی کے باوجود، بنگلہ دیشی طلبا نے بدھ کی شام اس کی متوقع وطن واپسی کیخلاف احتجاج شروع کردیا تھا، ’میرپور چھترو جنتا‘ کے نام سے معروف ایک گروپ نے کرکٹ بورڈ کو مطلع کیا ہے کہ اگر شکیب ڈھاکہ میں اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے جاتے ہیں تو وہ اسٹیڈیم میں بھی احتجاج کریں گے۔
مزید پڑھیں:شکیب الحسن کے بعد بنگلہ دیش کے ایک اور کھلاڑی پر مقدمہ درج
دوسری جانب نوجوانوں اور کھیلوں کے مشیر آصف محمود نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے شکیب کو ’ناخوشگوار حالات سے بچنے‘ کے لیے گھر واپس نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ ’میں نے شکیب کو بنگلہ دیش نہ آنے کا مشورہ دیا ہے، یہ فیصلہ کھلاڑیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ملک کے امیج کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔‘
بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اکتوبر سے ڈھاکہ میں شروع ہوگا۔