پاکستان قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں فتح کا سہرا اسپنرز نعمان علی اور ساجد خان کے سر جاتا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے لیے جیت ضروری تھی، کئی مشکلات کے بعد کامیابی ملنا خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 3 سال بعد گھر میں پہلی ٹیسٹ فتح، پاکستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں 152 رنز سے ہرا دیا
انہوں نے کہا کہ اسپنرز کے ذریعے اٹیک کرنے کا تجربہ کارآمد ثابت ہوا، جیت کا کریڈٹ نعمان علی اور ساجد خان کو دیتے ہیں، ہم نے ہمیشہ رزلٹ والی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کی، اس فتح میں پہلی اننگز کی پارٹنر شپ کا اہم کردار ہے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ تنقید کو برداشت کرنے کی کوشش کرتا ہوں، پچھلی سیریز کے نتائج پر دکھ ہوا لیکن ٹیم کی کارکردگی کا رزلٹ اب سب کے سامنے ہے، سلیکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر دیکھا کہ میچ جیتنے کے لیے کیا کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف 7 وکٹیں لینے والے ساجد خان کون ہیں؟
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ بعض کیچز ڈراپ کرنا مہنگا پڑا، وکٹ بیٹنگ کے لیے زیادہ آسان نہیں تھی۔ میچ آف دی پلیئر قرار پانے والے پاکستانی اسپنر ساجد خان نے کہا کہ جیت کی خوشی ناقابل بیان ہے، کپتان شان مسعود کی رہنمائی سے فائدہ ہوا، کامران غلام نے شاندار اننگز کھیلی۔