وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم پر اتفاق راے کی کوشش جاری ہے اور امید ہے کہ مشاورت کو ہر حال میں آج مکمل کرلیا جائے گا۔
پارلیمنٹ کے باہر ن لیگی رہنما حنیف عباسی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ آئینی ترمیم کے لیے صبح سے ملاقاتیں ہورہی ہیں، ملاقاتوں کا سلسلہ 2 دن سے جاری ہے، نمبر پورے اور دیگر آپشنز ہونے کے باوجود مشاورت مکمل کرنے کی کوشش کی گئی، ہوم ورک مکمل ہونے کے باوجود مشاورتی عمل نہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئینی ترمیم منظور نہ ہونے سے حکومت کو کیا نقصان ہوگا؟
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی وفد نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرلی ہے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی مکمل اتفاق رائے کے بعد کہا ہے کہ اس معاملے پر آگے بڑھا جائے، ہم جمہوری سوچ کے لوگ ہیں، ہماری کوشش ہے کہ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہو۔
عطا تارڑ نے کہا کہ جمہوری معاشروں میں کوشش یہی ہوتی ہے کہ مشاورت اور اتفاق رائے پیدا کرنے میں کردار ادا کیا جائے، خیبرپختونخوا کے اندر قوانین تبدیل کرکے پولیس افسران کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کے اختیارات آئی جی سے لے کر وزیراعلیٰ نے اپنے پاس رکھ لیے، ان کا مقصد یہ تھا کہ پولیس سے سیاسی مقاصد حاصل کیے جائیں، یہ لوگوں کو سیاسی طور پر اپنے کنٹرول میں لینا چاہتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: آئینی ترمیم: بلاول بھٹو کی وزیراعظم، مولانا فضل الرحمان اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں
وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے پنجاب سے بھی لوگوں کو بند کیا اور الزام اداروں پر لگایا، انہوں نے وفاق کے خلاف سرکاری وسائل کا استعمال کیا، جب یہ دوسروں پر الزام لگاتے ہیں تو اپنے گریبان میں نہیں جھانکتے کہ ان کا اپنا طرز عمل کیا ہے، انہوں نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے غداری پر جلاﺅ گھیراﺅ، گھر اور کاروبار تباہ کرنے کی دھمکیاں دیں، ملک سے غدداری پر انہیں کوئی مسئلہ نہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے جواب کا سب کو معلوم ہے، حنیف عباسی
ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہ بانی پی ٹی آئی ملک میں امن نہیں انتشار چاہتے ہیں، منصوبہ سازی کے تحت ملک کوکمزور کیا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے اسرائیل کے خلاف کبھی بات تک نہیں کی، پی ٹی آئی نے فلسطین کے لیے منعقدکی گئی اے پی سی میں شرکت تک نہ کی۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کومشاورت کی مکمل آزادی حاصل ہے، بانی پی ٹی آئی کا ترمیم کے حوالے سے جو جواب آنا ہے اس کا سب کو پتا ہے۔