کیا میچ کھیل کر واپس جانے سے متعلق پی سی بی کی پیشکش بھارت نے مسترد کردی؟

اتوار 20 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شرکت تاحال مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے دی گئی پیشکش کے حوالے سے بھی ابھی تک بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کوئی جواب نہیں دیا۔ تاہم، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی ٹیم کو ہر میچ کے بعد چندی گڑھ یا دہلی واپس جانے کی تجویز دی تھی، لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے میچ کے بعد ٹیم کو ملک واپس بھیجنے کی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے امکانات روشن

بھارت کے روزنامہ جاگرن کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ بورڈ کو چیمپیئنز ٹرافی کے انتظامات پر پی سی بی کی جانب سے ایسی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی ہے۔

’اگر یہ منصوبہ انہیں پیش کیا جائے تو بھی وہ اسے قبول نہیں کریں گے، بی سی سی آئی کا موقف برقرار ہے کہ ٹورنامنٹ کے لیے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ حکومت کرے گی‘۔

پاکستان کی جانب سے پیش کی جانے والی تجویز کے مطابق بھارت اپنے تمام چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے میچز لاہور میں کھیلے گا، جس کے میچز 20 فروری، 23 اور 2 مارچ کو ہوں گے۔

خیال رہے بھارتی ٹیم میچ کھیلنے کے بعد پاکستان میں رات نہیں گزارے گی۔ بھارتی ٹیم 10 سے 12 گھنٹے بعد میچ کھیل کر پاکستان چھوڑ دے گی۔

مزید پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی، بھارتی کرکٹ ٹیم کے میچ اب کن شہروں میں ہوں گے؟ نئی تجویز سامنے آگئی

واضح رہے پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے میچوں کی میزبانی کرنے کے حوالے سے اس حد تک لچک کا مظاہرہ کرنے کو تیار ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم اپنا قیام نئی دہلی، امرتسر یا موہالی میں رکھے اور میچ کھیلنے پاکستان آجائے اور میچ کھیل کر رات کو واپس بھارت چلی جائے۔

پاکستان چارٹرڈ فلائٹ کے انتظامات اور ملٹی پل ویزہ دینے کو تیار ہے، آئی سی سی کے بھارتی براڈ کاسٹر کی جانب سے ایک تجویز یہ بھی سامنے آئی ہے کہ بھارت کا ایک میچ لاہور کے بجائے راولپنڈی میں کرایا جائے جس پر پاکستان نے ہامی بھرلی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp