کراچی کی لی مارکیٹ سے 4 خواتین کی گلا کٹی لاشیں ملنے کے معاملہ پر واقعے کا مقدمہ مقتولہ شمشاد بیگم کے شوہر فاروق کی مدیعت میں درج کر لیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ فاروق کا کہنا ہے کہ وہ رات 10 بجے میں کھانا کھا کر گھر سے باہر چلا گیا تھا۔ گھر میں میری بیٹی ثمینہ رہنے آئی ہوئی تھی، رات ایک بجے میری بیٹی ثمینہ نے مجھے فون کرکے اپنے گھر چھوڑنے کا کہا۔ راستے میں میری بیٹی نے بتایا کہ بلال بھائی بھی گھر پر آیا ہوا ہے، بیٹی کو چھوڑ کر واپس آرہا تھا تو راستے میں میرے بیٹے بلال کی گاڑی خراب ملی، اس کی گاڑی میں بیٹا سمیر بھی موجود تھا۔
مدعی کا کہنا تھا کہ سوا 3 بچے اپنے گھر پہنچا اور دروازے پر دستک دی تو کسی نے دروازہ نہیں کھولا، اپنے پاس موجود چابی کی مدد سے دروازہ کھولا اور اندر گیا تو سامنے میری بیٹی مدیحہ خون میں لت پت پڑی تھی جبکہ مدیحہ کی 3 ماہ کی بچی بیڈ کے نیچے موجود تھی۔
مزید پڑھیں:کراچی میں خواتین کے لزرہ خیز قتل کا معمہ حل، قاتل گھر ہی کا فرد نکلا
مدعی نے مزید کہا کہ اپنے بیٹے سمیر کو فون کرکے آگاہ کیا۔ دوسرے کمرے میں بیوی شمشاد اور صحن میں نواسی علینہ کی لاش موجود تھی، تمام خواتین کے گلے کٹے ہوئے تھے۔ میرے بیٹے بلال کے بازو، کلائی اور بائیں ہاتھ کی انگلیوں پر بھی زخم موجود تھے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا ہے۔ واردات میں اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ پولیس کے مطابق واردات میں بلال کے ملوث ہونے کے قوی امکانات ہیں، بلال نے تاحال اعتراف جرم نہیں کیا جبکہ گھرکے سربراہ نے بھی بلال پر شک ظاہر کر رکھا ہے۔