ایوان صدر میں 26 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کی خصوصی تقریب ملتوی کردی گئی ہے اور اس کے لیے نئے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پیرکی صبح پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد 26 ویں آئینی ترمیم کی حتمی منظوری کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے اور وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے آئینی ترمیم کی توثیق کے لیے صدر کو بھیجی جانے والی ایڈوائس پر دستخط کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آج طے ہو گیا پارلیمنٹ سپریم ہے، اب پاکستان عظیم بنے گا جسے دُنیا دیکھے گی، شہباز شریف
وزیراعظم کی ایڈوائس کے بعد ایوان صدر میں صدر مملکت کے دستخط کی تقریب ہونا تھی جس کے لیے پہلے 8 بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا، اس میں تبدیلی لاتے ہوئے دستخط کی تقریب کا نیا وقت صبح 6 بجے مقرر کیا گیا تاہم ایک بار پھر ایوان صدر سیکریٹریٹ سے تقریب کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایوان صدر سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کی تقریب ملتوی کر دی گئی ہے اور اس کے نئے وقت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کو آئینی ترمیمی بل کے دونوں ایوانوں سے منظور شدہ ترمیمی بل پر دستخط کرنے والے تھے، آئینی ترمیم کی دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد صدر مملکت کے دستخط کے لیےخصوصی تقریب ایوان صدر میں ہونا تھی ،جس میں پارلیمنٹرینز نے بھی شرکت کرنا تھی۔