سابق امریکی صدر اور ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر انتخابی مہم کی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہیں فرینچ فرائز بیچتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں وہ امریکی ریاست پنسلوانیا میں انتخابی مہم کے دوران معروف فاسٹ فوڈ برانچ کا دورہ کرتے ہیں جہاں انہیں عملے کی مدد سے فرینچ فرائز تیار کر کے کسٹمرز کو پیش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کو اس ویڈیو میں معروف فاسٹ فوڈ کے عملے اور شہریوں سے گفتگو کرتے بھی نظر آ رہے ہیں جہاں انہیں صدارتی انتخاب میں اپنی مخالف ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس پر طنز کے تیر برساتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ اُنہوں نے طنزیہ انداز میں مزید کہا کہ میں آج یہاں کملا ہیرس سے 15 منٹ زیادہ کام کر چُکا ہوں۔
MAKE AMERICA GREAT AGAIN! pic.twitter.com/rA5FwAQWFy
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) October 20, 2024
ٹرمپ نے فاسٹ فوڈ برانچ کے عملے سے مخاطب ہو کر کہا کہ وہ ہمیشہ سے یہ کام کرنا چاہتے تھے لیکن نہیں کر سکے اب وہ صدراتی انتخاب میں ایک ایسی خاتون کے خلاف کھڑے ہیں جنہوں نے یہ کام کرنے کے بارے میں بالکل جھوٹی کہانی سنائی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں یہاں کام کرتے ہوئے بہت مزہ آ رہا ہے۔ ریستوران کے سامنے سڑک پر ہزاروں لوگ یہ منظر دیکھنے کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔
میکڈونلڈز پر فوٹو سیشن صحافیوں کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس میں تبدیل ہو گیا جو ڈرائیو تھرو ونڈو سے ٹرمپ سے سوالات کر رہے تھے۔ ایک رپورٹر نے پوچھا کہ وہ کملا ہیریس کو ان کی سالگرہ کے موقع پر کیا پیغام دینا چاہیں گے؟ جس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ‘میں کہوں گا ہیپی برتھ ڈے کملا! میرا خیال ہے کہ میں انہیں کچھ پھول بھی بھجواؤں گا۔‘
یاد رہے کہ ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس اکثر اپنی جدوجہد کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس بات کا ذکر کرتی نظر آتی ہیں کہ اُنہوں نے اپنی جوانی میں مذکورہ فاسٹ فوڈ کی شاپ میں بھی کام کیا تھا۔