صدر آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے حال ہی میں پیدا ہونے والے اپنے تیسرے بیٹے کا نام رکھ دیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گزشتہ روز تیسرے بیٹے کی آمد کا اعلان کرنے والی بختاور بھٹو زرداری نے آج ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ جوڑے نے اپنے ننھے بیٹے کا نام ’میر ذوالفقار محمود چوہدری‘ رکھا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ یا اللّٰہ اسے پیار و محبت بانٹنے والا، لوگوں سے ہمدردی کرنے والا بنانا، اسے سیدھا راستہ، آپﷺ کا راستہ دکھانا۔
View this post on Instagram
محمود چوہدری اور بختاور بھٹو کے تیسرے بیٹے کی پیدائش 20 اکتوبر کو ہوئی تھی جس کا اعلان دونوں نے پیر 21 اکتوبر کی صبح کیا تھا۔
خیال رہے کہ بختاور بھٹو زرداری 27 نومبر 2020 کو دبئی کے بزنس مین محمود چوہدری سے شادی کی بندھن میں بندھ گئی تھیں، ان کے 3 بیٹے میر حاکم محمود چوہدری اور میر سجاول محمود اور میر ذوالفقار چوہدری ہیں۔
ان کے ہاں پہلے بیٹے میر حاکم محمود چوہدری کی پیدائش 11 اکتوبر 2021 کو جب کہ دوسرے بیٹے میر سجاول محمود چوہدری کی پیدائش 5 اکتوبر 2022 کو ہوئی تھی۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بختاور بھٹو زرداری کے دادا کا نام میر حاکم تھا جبکہ نانا کا نام ’ذوالفقار‘ تھا، جنہوں نے وزیراعظم، وزیرداخلہ، وزیر خارجہ و دیگر اہم مناصب سنبھالے۔ انہیں قائدِعوام اور بابائے آئینِ پاکستان بھی کہا جاتا ہے۔