انگلینڈ بھی پاکستان کے نقش قدم پر، تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں 3 اسپنرز شامل کرلیے

منگل 22 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے جانیوالے آخری ٹیسٹ میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے، انگلینڈ نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے برائیڈن کارس اور میتھیو پوٹس کو فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے لیے آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مہمان ٹیم نے ریحان احمد کو اپنے اسپن اٹیک میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں پہلے ہی شعیب بشیر اور جیک لیچ شامل تھے کیونکہ وہ ایک ایسی وکٹ پر پاکستان سے مقابلہ کی توقع کررہے ہیں جہاں پچ میں تبدیلی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی: پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ، ٹریفک ایڈوائزری جاری

20 سالہ لیگ اسپن آل راؤنڈر ریحان احمد اپنا پانچواں ٹیسٹ میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلیں گے، جو 24 اکتوبر سے شروع ہوگا، انہوں نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو دو سال قبل کراچی میں کیا تھا، جہاں پاکستان کی دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کلین سویپ کرنے میں مدد دی تھی۔

اپنے آخری ٹیسٹ میچ میں اگرچہ ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی تھی، انہوں نے راجکوٹ میں بھارت کے خلاف اچھی خاصی مار پڑی تھی، انگلینڈ کی بھاری شکست میں وہ گیند سے کچھ خاص نہیں کرپائے اور  دونوں اننگز میں 193 رنز کے عوض 3 وکٹیں ہی حاصل کرسکے۔

مزید پڑھیں:3 سال بعد گھر میں پہلی ٹیسٹ فتح، پاکستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں 152 رنز سے ہرا دیا

انگلیںڈ نے پاکستان کیخلاف فیصلہ کن راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے گس ایٹکنسن کو ٹیم میں واحد سیمر کے طور پر شامل کیا ہے، جن کے ساتھ کپتان بین اسٹوکس ضرورت پڑنے کی بنیاد پر بولنگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ، جو روایتی طور پر عالمی کرکٹ کی سب سے چپٹی پچوں میں سے ایک ہے، اس بار توقع ہے کہ مختلف انداز میں تیار کی جارہی ہے، جس میں گراؤنڈ اسٹاف صنعتی پنکھوں سمیت دیگر آلات کا استعمال کرتے ہوئے پچ کو خشک اور کھردرا رکھنے کی کوشش کررہا ہے۔

مزید پڑھیں:انگلینڈ کیخلاف 11وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کون ہیں؟

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین موجودہ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہوجانے کے بعد تیسرا ٹیسٹ ایک دلچسپ میچ کا وعدہ کرتا ہے کیونکہ انگلینڈ اور پاکستان دونوں ہی اسپن ہیوی بولنگ اٹیک کے ساتھ سیریز جیتنے کے متمنی نظر آتے ہیں۔

تیسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ الیون: زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، گس اٹکنسن، جیک لیچ، ریحان احمد اور شعیب بشیر۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp