پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کا آغاز 26 اکتوبر سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ بورڈ کا ڈومیسٹک کرکٹ سسٹم کی بہتری کے لیے اہم فیصلہ
اس 4 روزہ مقابلے کی شیڈولنگ کے حوالے سے کچھ غیر یقینی صورتحال درپیش تھی تاہم اب اس کا اعلان کردیا گیا ہے۔ مقابلے میں 16 علاقوں سے 18 ٹیمیں حصہ لیں گی اور یہ 19 دسمبر تک چلے گا۔
قائد اعظم ٹرافی میں حصہ لینے والی ٹیموں میں ایبٹ آباد، آزاد جموں و کشمیر، بہاولپور، ڈیرہ مراد جمالی، فیصل آباد، فاٹا، حیدرآباد، اسلام آباد، کراچی بلیوز، کراچی وائٹس، لاہور بلیوز، لاہور وائٹس، لاڑکانہ، ملتان، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور سیالکوٹ ریجنز شامل ہیں۔
ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کے ڈائریکٹر عبداللہ خرم نیازی کا کہنا ہے کہ ’قائد اعظم ٹرافی پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا عروج ہے کیونکہ یہ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ایک ایسا ایونٹ بھی ہے جو بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ کی طرح کھلاڑیوں کو بہترین ممکنہ پلیٹ فارم فراہم کرتے رہیں گے اور ڈومیسٹک کرکٹ کے سب سے بڑے اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
مزید پڑھیے: قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور ماجد خان کا نقطہِ نظر
عبداللہ خرم نے کہا کہ ہم نے چیمپیئنز ون ڈے کپ کا کامیاب انعقاد کیا اور اپنے ڈومیسٹک ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں اور قائداعظم ٹرافی کا کامیاب انعقاد اس عزم کا مرکز ہے۔
قائد اعظم ٹرافی کی دفاعی چیمپیئن ٹیم کراچی وائٹس ہے جس نے سرفراز احمد کی کپتانی میں گزشتہ سال قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں فیصل آباد ریجن کے خلاف 456 رنز کے کلیئر کٹ مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کا آغاز 20 اکتوبر سے ہونا تھا لیکن یہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تاخیر کی وجہ یہ تھی کہ بی پی سی ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے سربراہ بورڈ محسن نقوی کے گرین سگنل کا منتظر تھا۔