سعودی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت کی سرپرستی اور بین الاقوامی ڈرونز فیڈریشن کے تعاون سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 4 سے 6 نومبر 2024 کو پہلی سعودی ڈرون اور مصنوعی ذہانت کی زرعی نمائش (سادف)، (Saudi Arabia AI & Drone Exhibition and Forum) کا انعقاد ہوگا۔ یہ نمائش ذی ارینا ریاض ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔
زراعت کے شعبے میں ڈرونز اور مصنوعی ذہانت کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے، اور (سادف) نمائش اس شعبے میں ہونے والی ترقی کا مظہر ہے۔ یہ ایونٹ دنیا بھر سے اہم نمائش کنندگان، سرمایہ کاروں اور ماہرین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا، اور مملکت کے وژن 2030 کے مطابق معیشت کے تنوع اور پائیداری کے فروغ میں معاون ہوگا۔
سرمایہ کاری اور شراکت داری کے نئے مواقع
(سادف) نمائش کو خطے کی اولین نمائشوں میں شمار کیا جا رہا ہے، جو ڈرون انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔ اس نمائش کے ذریعے سعودی عرب ایک اہم علاقائی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، جو عالمی سرمایہ کاروں اور نمائش کنندگان کو راغب کرے گا۔
جدید ٹیکنالوجی اور اسٹریٹیجک تعاون کا پلیٹ فارم
یہ نمائش جدید ڈرونز، روبوٹکس، اور مصنوعی ذہانت کی نئی ایجادات سے روشناس کرائے گی۔ اس کے ساتھ ہی، چھوٹی اور بڑی کمپنیوں کے لیے اسٹریٹیجک شراکت داری قائم کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ زراعت، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تازہ ترین پیش رفتوں پر مشتمل ورکشاپس اور سیمینارز بھی اس ایونٹ کا حصہ ہوں گے۔
50 سے زائد عالمی اور سعودی برانڈز کی شرکت
(سادف) نمائش کا انعقاد ڈیجیٹل امیج کمپنی برائے نمائش وکانفرنسز کے زیرِ اہتمام کیا جا رہا ہے، جس میں 50 سے زائد سعودی اور بین الاقوامی برانڈز شرکت کریں گے۔ یہ نمائش عالمی ڈرون انڈسٹری کے سرمایہ کاروں، تقسیم کاروں، فراہم کنندگان اور حل فراہم کرنے والوں کو ایک اہم پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔