نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے آج ملاقات کرنے والے کون تھے؟

بدھ 23 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نامزد چیف جسٹس یخییٰ آفریدی کو ساتھی ججز اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

26ویں آئینی ترمیم کے تحت ججز کی تعیناتی کے لیے قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے گزشتہ روز دوتہائی اکثریت سے جسٹس یحییٰ آفریدی کو نیا چیف جسٹس نامزد کیا تھا، جس کے بعد انہیں مبارکباد موصول ہونے اور ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے درمیان مختصر وقت میں 2 ملاقاتیں

صدر مملکت آصف علی زرداری نے آج جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ صدر پاکستان نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کے لیے کی، اور 26 اکتوبر کو عہدے کا حلف لینے کی بھی منظوری دی ہے۔ وفاقی وزارت قانون نے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

چیف جسٹس اور ساتھی ججز کی جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقاتیں اور مبارکباد

سپریم کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی اور انہیں نیا چیف جسٹس نامزد ہونے پر مبارکباد دی، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید، جسٹس شاید بلال حسن  نے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

تینوں جج صاحبان نے جسٹس یحییٰ آفریدی کے چیمبر میں ان سے ملاقات کرکے انہیں مبارکباد پیش کی جبکہ ان کے چمبر کے عملے نے بھی انہیں مبارکباد دی ہے۔

وکلا تنظیموں کی نامزد چیف جسٹس کو مبارکباد

جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کی منظوری کے بعد سے اب تک 4 وکلا تنظیموں کی جانب سے نئے چیف جسٹس کو مبارکباد کے خطوط لکھے گئے ہیں، ان 4 وکلا تنظیموں میں پنجاب بار کونسل، خیبرپختونخوا بار کونسل، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کرک شامل ہیں۔

 پنجاب بار کنسل کے وائس چیئرمین چوہدری بابر وحید اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی راؤ فضل الرحمان نے اپنے مشترکہ بیان میں جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان تعینات ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں:‎پارلیمنٹ کے ہاتھوں پہلی مرتبہ چیف جسٹس کی نامزدگی، اگلے مراحل کیا ہونگے؟

خیبر پختونخوا بار کونسل نے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے خوش آئند قرار دیا ہے، خیبرپختونخوا بار کونسل کے وائس چیئرمین صادق علی مومند اور چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی سید تیمور علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی ایک غیرمتنازع، غیرسیاسی اور غیرجانبدار شخصیت ہیں جو بطور چیف جسٹس آف پاکستان پارلیمنٹ کی بالا دستی، قانون کی پاسداری، آئین کی عملداری، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی اور عدلیہ کی عظمت بڑھانے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کرک نے بھی اپنے خطوط میں نئے چیف جسٹس کی تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور پارلیمانی کمیٹی کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔

سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں جسٹس یخییٰ آفریدی کو مبارکباد کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی سے عدلیہ اور قوم دونوں کو فائدہ ہو گا کیوں کہ ان کی قانونی فہم و فراست انھیں اس اہم عہدے کے لیے بہترین امیدوار بناتی ہے۔

اٹارنی جنرل کی مبارکباد

اٹارنی جنرل منصور عثمان ایوان نے بھی نامزد چیف جسٹس سے ملاقات کرکے انہیں مبارکبار پیش کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp