پاک انگلینڈ فیصلہ کن ٹیسٹ، اسپنرز کی جنگ آج سے راولپنڈی میں

جمعرات 24 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ کا آغاز راولپنڈیکرکٹ اسٹیڈیم میں آج ہوگا، پچھلے میچ کے تجربے کی روشنی میں اپنے اسپن اٹیک کو مضبوط کرتے ہوئے دونوں ٹیموں نے تین تین اسپنر پلیئنگ الیون میں شامل کیے ہیں۔

فیصلہ کن راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں فتح سے ہمکنار کرنے والی ٹیم برقرار رکھی ہے، جس میں 3 اسپنر نعمان علی، ساجد خان اورزاہد محمود سمیت بیٹنگ آرڈر میں کپتان شان مسعود، عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، کامران غلام، سعود شکیل اور محمد رضوان شامل ہیں، پچ کو مد نظر رکھتے ہوئے انگلش ٹیم نے بھی 3 اسپنرز جیک لیچ، شعیب بشیر اور ریحان احمد کے نام فائنل کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:فیصلہ کن  ٹیسٹ کے لیے راولپنڈی کی پچ دلچسپ ثابت ہوگی، ہیڈکوچ جیسن گلیسپی 

گزشتہ روز پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی، کپتان شان مسعود اور انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے پچ کا معائنہ بھی کیا، اس موقع پر جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پچ بہت خشک ہے، گھاس کی غیر موجودگی کے باعث پچ دلچسپ برتاؤ کا مظاہرہ کرے گی، یہی وجہ ہے کہ دونوں ٹیمیں ٹاس جیتنے کی متمنی ہوں گی۔

’ٹاس ٹاس ہوتا ہے، جیت کر اچھا اسکور بورڈ پر دیکھنا چاہیں گے، لڑکے آہستہ آہستہ غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے سیکھ رہے ہیں، تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آخری ٹیسٹ میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔‘

مزید پڑھیں:انگلینڈ بھی پاکستان کے نقش قدم پر، تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں 3 اسپنرز شامل کرلیے

میڈیا سے گفتگو میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے بتایا تھا کہ انہوں نے راولپنڈی اسٹیڈیم میں اپنے آخری ٹریننگ سیشن میں طریقہ کار تھوڑا سا تبدیل کیا تھا۔ ’ ابھی پچ اچھی لگ رہی ہے لیکن یہ تبدیل ہو گی، اسپنرز کا اہم کردار ہوگا اس لیے 3 اسپنرز کھیلیں گے۔‘

واضح رہے کہ ملتان میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے عبرتناک شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی اسپنرز نے انگلینڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 152 رنز سے فتح دلائی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp