راولپنڈی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ جاری ہے، میچ کے پہلے دن کا کھیل مکمل ہوگیا ہے، انگلینڈ کے پہلی اننگز میں 267 رنز کے جواب میں پاکستان کی پہلی اننگز جاری ہے اور اس کے 73 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔
پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عبداللہ شفیق تھے، 10ویں اوو میں پاکستان کے 35 کے مجموعی اسکور پر انہیں شعیب بشیر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 27 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔ 13ویں اوور کے آغاز میں اور 43 کے مجموعی اسکور پر اوپنر صائم ایوب بھی آوٹ ہوگئے۔ وہ 36 گیندوں پر 19 رنز بناکر انگلش بالر جیک لیچ کی بال پر جوئے روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے راولپنڈی کی پچ دلچسپ ثابت ہوگی، ہیڈکوچ جیسن گلیسپی
14ویں اوور میں پاکستان کا مجموعی اسکور ابھی 46 ہی تھا کہ اس کی تیسری وکٹ بھی گرگئی۔ کامران غلام 9 گیندوں پر 3 رنز بناکر ایٹکنسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کپتان شان مسعود اور سعود شکیل پاکستان کی جانب سے کل بروز جمعہ اپنی اننگز شروع کریں گے، شان مسعود 32 گیندوں پر 16 اور سعود شکیل 34 گیندوں پر 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کو انگلینڈ کا اسکور برابر کرنے کے لیے اب بھی 194 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبال آج کھیل کے پہلے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 267 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے 2 کھلاڑی نصف سینچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ پاکستان کی جانب سے اسپنر ساجد خان نے 6 اور نعمان علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کے اوپنرز نے پراعتماد طریقے سے پہلی اننگز کے کھیل کا آغاز کیا لیکن 14ہویں اوور کی آخری بال اور 56 کے مجموعی اسکور پر اپنی پہلی وکٹ کھو دی۔ اوپنر زیک کرولی اسپنر نعمان علی کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 43 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔
19ویں اوور میں اولی پوپ اسپنر ساجد خان کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 14 گیندوں پر صرف 3 رنز بنائے۔ 21ویں اوور کی آخری گیند پر جوئے روٹ بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 6 گیندوں پر 5 رنز بنائے۔ انہیں بھی ساجد خان نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کے اوپنر بین ڈکٹ نصف سینچری بنانے میں کامیاب رہے تاہم 26 اوور میں 98 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔ وہ 84 گیندوں پر 52 رنز بناکر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ اگلے اوور میں ابھی جب انگلینڈ کا مجموعی اسکور 98 ہی تھا کہ ہیری بروک بھی چلتے بنے۔ وہ 14 گیندوں پر 5 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کپتان بین اسٹوکس بھی اپنی ٹیم کو مشکلات سے نہ بچا پائے، وہ 33ویں اوور میں انگلینڈ کے مجموعی اسکور 118 پر ساجد خان کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 22 گیندوں پر 12 رنز بنائے۔ 60ویں اوور میں 225 کے مجموعی اسکور پر گس ایٹکنسن نعمان علی کی بال پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 71 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی اسمتھ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 119 گیندوں پر 89 رنز بنائے، انہیں 63ویں اوور میں محمد زاہد نے اپنا شکار بنایا، ان کا کیچ محمد رضوان نے پکڑا۔ 67ویں اوور میں 258 کے مجموعی اسکور پر ریحان احمد بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 14 گیندوں پر 9 رنز بنائے اور ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ انگلینڈ کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیک لیچ تھے، انہوں نے 21 گیندوں پر 16 رنز بنائے اور پھر 69ویں اوور میں ساجد خان کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
پچھلے میچ کے تجربے کی روشنی میں اپنے اسپن اٹیک کو مضبوط کرتے ہوئے دونوں ٹیموں نے تین تین اسپنر پلیئنگ الیون میں شامل کیے ہیں۔ فیصلہ کن راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں فتح سے ہمکنار کرنے والی ٹیم برقرار رکھی ہے، جس میں 3 اسپنر نعمان علی، ساجد خان اورزاہد محمود سمیت بیٹنگ آرڈر میں کپتان شان مسعود، عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، کامران غلام، سعود شکیل اور محمد رضوان شامل ہیں، پچ کو مد نظر رکھتے ہوئے انگلش ٹیم نے بھی 3 اسپنرز جیک لیچ، شعیب بشیر اور ریحان احمد کے نام فائنل کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے راولپنڈی کی پچ دلچسپ ثابت ہوگی، ہیڈکوچ جیسن گلیسپی
گزشتہ روز پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی، کپتان شان مسعود اور انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے پچ کا معائنہ بھی کیا، اس موقع پر جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پچ بہت خشک ہے، گھاس کی غیر موجودگی کے باعث پچ دلچسپ برتاؤ کا مظاہرہ کرے گی، یہی وجہ ہے کہ دونوں ٹیمیں ٹاس جیتنے کی متمنی ہوں گی۔
’ٹاس ٹاس ہوتا ہے، جیت کر اچھا اسکور بورڈ پر دیکھنا چاہیں گے، لڑکے آہستہ آہستہ غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے سیکھ رہے ہیں، تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آخری ٹیسٹ میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔‘
مزید پڑھیں:انگلینڈ بھی پاکستان کے نقش قدم پر، تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں 3 اسپنرز شامل کرلیے
میڈیا سے گفتگو میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے بتایا تھا کہ انہوں نے راولپنڈی اسٹیڈیم میں اپنے آخری ٹریننگ سیشن میں طریقہ کار تھوڑا سا تبدیل کیا تھا۔ ’ ابھی پچ اچھی لگ رہی ہے لیکن یہ تبدیل ہو گی، اسپنرز کا اہم کردار ہوگا اس لیے 3 اسپنرز کھیلیں گے۔‘
واضح رہے کہ ملتان میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے عبرتناک شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی اسپنرز نے انگلینڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 152 رنز سے فتح دلائی تھی۔