بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد پہلے بنی گالہ اور وہاں سے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچ گئیں۔ جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور سے ملاقات کی ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ہے، جس کے بعد وہ بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پہنچیں، جہاں ان سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ایوب اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی، پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد بشریٰ بی بی نے پشاور جانے کا فیصلہ کیا جہاں وہ وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں قیام پذیر ہوں گی۔ اس سے پہلے بشریٰ بی بی شوکت خانم اسپتال میں اپنا میڈیکل چیک اپ کروائیں گی۔
بشریٰ بی بی رہائی کے بعد پشاور پہنچ گئی. pic.twitter.com/wle4jlu4gG
— WE News (@WENewsPk) October 24, 2024
بشریٰ بی بی کے ساتھ ان کے وکلا بھی ہم سفر ہیں۔ وکلا کا کہنا ہے کہ ان کی آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی۔ انہوں نے سابق وزیراعظم کو بشریٰ بی بی کی رہائی سے آگاہ کیا۔ جس پر عمران خان نے بشریٰ بی بی کو بنی گالہ والی رہائش گاہ میں نہ رہنے کی ہدایت کی۔ کیونکہ یہ ان کے لیے محفوظ نہیں ہوگی۔
قبل ازیں ایسی میڈیا رپورٹس بھی آئیں جن کے مطابق بشریٰ بی بی نے بنی گالہ سے زمان پارک لاہور جانے کا فیصلہ کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں : توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے رہا
اس سے قبل بشریٰ بی بی کی رہائی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے کی گئی، بشریٰ بی بی کو سخت سیکیورٹی حصار میں جیل سے روانہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں درخواست ضمانت منظور ہوئی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا، آج احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کی، رہائی کی روبکار موصول ہونے پر اڈیالہ جیل حکام نے بشریٰ بی بی کو رہا کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ کیس، بشری بی بی اڈیالہ جیل سے گرفتار؟
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی مجموعی طور پر 9 ماہ جیل میں رہی ہیں، بشریٰ بی بی کو رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا ہوئی تھی، سزا کا فیصلہ آنے کے بعد بشریٰ بی بی نے خود جیل میں آکر گرفتاری دی تھی۔
سابق خاتون اول کو اڈیالہ جیل کے بجائے بنی گالہ منتقل کیا گیا تھا، کمشنر اسلام آباد نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دیا تھا، بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطل کردی تھی تاہم توشہ خانہ 2 کیس میں انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔