سندھ ہائی کورٹ نے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت تک سرجانی ٹاؤن میں درخواست گزاروں کی گیس سپلائی کا کام مکمل کرلے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں انوکھے چور سرگرم، درجنوں گھر گیس میٹر اور پائپوں سے محروم
سرجانی ٹاؤن کی ایک رہائشی سوسائٹی میں 12 ہزار گھروں کو تاحال گیس کی فراہمی نہ کیے جانے کے خلاف ایک درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ یہ مفاد عامہ کا کیس ہے رہائشیوں کو ریلیف دلوایا جائے۔
عدالت نے کہا کہ حکومت نے مفاد عامہ بند کردیا ہے اس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہم حکومت کو نہیں آپ کو جانتے ہیں۔
وکیل ایس ایس جی سی نے بتایا کہ اب تک 261 انفرادی کنکشنز کی ادائیگی ہوئی ہے جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ انتظار کریں گے کہ پہلے مکمل ادائیگی ہوگی تو کام ہوگا۔
مزید پڑھیے: مرغیاں محلے کا سکون تباہ کرتی ہیں، خاتون نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹادیا
ایس ایس جی سی کے وکیل نے کہا کہ اب تک مجموعی طور پر 995 کنکشنز کی منظوری دی جاچکی ہے تاہم بیشتر رہائشیوں کے دستاویز مکمل نہیں ہیں۔
عدالت نے کہا کہ تمام رہائشیوں کو لیٹر جاری کریں جہاں کوئی تنازعہ ہے وہ ہم دیکھ لیں گے۔ اس پر وکیل ایس ایس جی سی نے کہا کہ تمام رہائشیوں نے نہیں صرف 10 رہائشیوں نے درخواست دائر کی ہے جن میں سے 9 کے کنیکشنز منظور ہوچکے ہیں۔
عدالت نے ایس ایس جی سی کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک اس حوالے سے کام مکمل کرلیا جائے۔