بشریٰ بی بی پشاور میں کہاں قیام کریں گی، انتظامات کیا ہیں؟

جمعرات 24 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی جیل سے رہائی کے بعد بنی گالہ میں مختصر قیام کے بعد پشاور پہنچ گئیں جہاں ان کی رہائش کا انتظام شہر کے ہائی سیکیورٹی زون میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب ہی کیا گیا ہے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایک سینیئر رہنما نے تصدیق کی کہ بشریٰ بی بی پشاور پہنچ گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے رہا

وزیر اعلیٰ ہاؤس ذرائع کے مطابق جیل سے رہائی کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب واقع سی ایم انیکسی کو خالی کرکے انتطامات کیے گئے ہیں جہاں بشریٰ بی بی اب قیام کریں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیرا علیٰ علی امین گنڈاپور نے بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اور اس موقعے پر ان کی وکلا ٹیم بھی ہمراہ تھی۔

ذرائع نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی سیکیورٹی کے  لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ وہ حیات آباد میں واقع شوکت خانم میں چیک اپ کے لیے بھی گئیں۔

مزید پڑھیے: بشریٰ بی بی کی رہائی ڈیل کی وجہ سے نہیں ہوئی، بیرسٹر گوہر خان

ذرائع نے بتایا کہ عمران خان وفاق میں حکومت کے خاتمے کے بعد بشریٰ بی بی کے ہمراہ پشاور آئے تھے اور سی ایم انیکسی میں قیام پذیر ہوئے تھے۔

پشاور محفوظ ہے دوبارہ گرفتاری کا خطرہ نہیں

ذرائع نے بتایا کہ  بشریٰ بی بی رہائی کے بعد پارٹی قائدین  ان کے لیے محفوظ جگہ میں قیام کے حوالے سے فکرمند تھے جبکہ وزیرا علیٰ علی امین گنڈاپور نے انہیں پشاور آنے اور وہیں قیام کرنے کا مشورہ دیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے بشریٰ بی بی کو بنی گالہ چھوڑنے کی ہدایت کیوں کی؟

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے مؤقف اپنایا کہ پشاور میں دوبارہ گرفتاری یا پولیس چھاپے کا خدشہ نہیں ہو گا اور سیکیورٹی بھی فُول پروف ہو گی۔

دریں اثنا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے تصدیق کی ہے کہ بشریٰ بی بی رہائی کے بعد بخیر و عافیت پشاور پہنچ گئی ہیں اور وہ وہاں کچھ عرصہ قیام کریں گی۔

واضح رہے کہ جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے رہائی کی روبکار موصول ہونے کے بعد بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ہے جہاں سے وہ اپنے وکلا اور سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ پہلے بنی گالا اور پھر وہاں سے پشاور گئیں۔

 توشہ خانہ ٹو کیس میں گزشتہ روز ضمانت کے بعد صبح اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بشریٰ بی بی کی ضمانت پر رہائی کے لیے روبکار پر دستخط کیے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp