میانوالی میں پولیس مقابلے میں 10دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق میانوالی تھانہ مکڑوال کے پہاڑی علاقہ ملا خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی، ڈی پی او میانوالی کی قیادت میں سی ٹی ڈی، پولیس اور ایلیٹ کی نفری نے آپریشن کیا، پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 10دہشتگرد ہلاک ہو گئے، جبکہ ڈی پی او میانوالی سمیت تمام افسران و جوان محفوظ رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب کی پولیس ٹیم کو شاباش
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر ڈی پی او میانوالی اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ پنجاب پولیس الرٹ ہے ، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔
میانوالی تھانہ مکڑوال کے پہاڑی علاقہ ملاخیل میں سی ٹی ڈی پنجاب اور میانوالی پولیس کی انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ کاروائی، 10 سے 15 دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی، ڈی پی او میانوالی اختر فاروق کی قیادت میں سی ٹی ڈی، پولیس و ایلیٹ کی بھاری نفری نے آپریشن کیا. پولیس اور خوارجی… pic.twitter.com/pVSypU1NBB
— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) October 24, 2024
ڈی پی او میانوالی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ میانوالی پولیس امن دشمن عناصر کا اسی طرح جواں مردی سے مقابلہ کرتی رہے گی۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ دہشتگرد پنجاب میں بڑے پیمانے پر تخریب کاری کی منصوبہ بندی بنا چکے تھے ،سی ٹی ڈی کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے،ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے ۔














