راولپنڈی ٹیسٹ دوسرا دن: پاکستان 344 رنز پر آؤٹ، دوسری اننگز کا آغاز، انگلینڈ کے 3 کھلاڑی آؤٹ

جمعہ 25 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اورانگلینڈ کے مابین 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ کا دوسرا دن ختم ہو گیا ہے۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز کے 267 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگزمیں 344 رنزبنا کر 77 رنز کی سبقت کے ساتھ آؤٹ ہو گئی۔

انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز کا انتہائی مایوس کن آغاز کیا، انگلینڈ کے 3 بلے باز پاکستانی اسپنرز کے آگے نہ ٹھہر سکے اور ابتدا میں ہی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، انگلینڈ ہفتہ کے روزکھیل کے تیسرے دن باقی 7 کھلاڑیوں کے ساتھ اپنی دوسری اننگزکا پھر سے آغاز کرے گا۔

جمعہ کو کھیل کے آخری لمحات میں انگلینڈ کی پہلی وکٹ 15 کے مجموعی اسکور پر گری جب بین ڈکٹ 12 بنانے کے بعد ساجد خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے ، دوسری وکٹ بھی 15 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب زیک کرولی 2 بنا کر آؤٹ ہو گئے انہیں نعمان علی نے آؤٹ کیا، تیسری وکٹ 20 کے مجموعی اسکور پر گری جب اولی پوپ ایک رنز پر آؤٹ ہو گئے، انہیں بھی نعمان علی نے آؤٹ کیا، نعمان علی گیند پرآغا سلمان نے ان کا کیچ پکڑا۔

انگلینڈ کا دوسری اننگز میں اس وقت اسکور 24 ہے اوراس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں، باقی 7 کھلاڑی ہفتہ کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنی دوسری اننگز کا آغاز کریں گے۔ انگلینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے ابھی بھی 53 رنز درکار ہیں۔

اس سے قبل میچ کے پہلے دن انگلینڈ کے پہلی اننگز میں 267 رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 73 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے جمعہ کو دوسرے دن کا کھیل شروع کیا۔ پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 134 رنزبنا کرنمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد نے 4، شعیب بشیر نے 3، گس ایٹکنسن نے 2 اور جیک لیچ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جمعہ کو دوسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو وکٹ پرموجود کپتان شان مسعود اور سعود شکیل کی پارٹنرشپ بھی زیادہ دیرنہ چل پائی۔ 99 کے مجموعی اسکور پر پاکستان نے اپنی چوتھی وکٹ بھی گنوا دی۔ کپتان شان مسعود 70 گیندوں پر 26 رنز بنا کر شعیب بشیر کی بال پر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

151 کے مجموعی اسکور پرمحمد رضوان 46 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ 155 کے مجموعی اسکور پر سلمان آغا بھی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان دونوں کو ریحان احمد نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ پاکستان کے 177 کے مجموعی اسکور پر ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عامر جمال تھے جنہوں نے 28 گیندوں پر 14 رنز بنائے اور پھر ریحان احمد کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کے 265 کے مجموعی اسکور پر نعمان علی بھی آؤٹ ہوگئے، انہوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 84 گیندوں پر 45 رنز بنائے اور پھر شعیب بشیر کی گیند پرایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 223 گیندوں پر 134 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ایٹکنسن کی گیند پر متبادل کھلاڑی ایم جے پوٹس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ زاہد محمود بغیر کوئی رن بنائے ریحان احمد کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پاکستان کے ساجد خان نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ وہ 48 گیندوں پر 48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

محمد رضوان کے ٹیسٹ کرکٹ میں 2 ہزار رنز مکمل

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹیسٹ میچ میں 2 ہزار رنز مکمل کرلیے ہیں۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے  میچ کے دوران محمد رضوان نے57 ویں اننگز کھیل کر ٹیسٹ  میں 2 ہزار رنز مکمل کیے۔ گزشتہ برس  محمد رضوان نے ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلتے ہوئے ون ڈے میچ  میں 2 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

راولپنڈی ٹیسٹ پہلے دن کا کھیل

پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عبداللہ شفیق تھے، 10ویں اوور میں پاکستان کے 35 کے مجموعی اسکور پر انہیں شعیب بشیر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 27 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔ 13ویں اوور کے آغاز میں اور 43 کے مجموعی اسکور پر اوپنر صائم ایوب بھی آوٹ ہوگئے۔ وہ 36 گیندوں پر 19 رنز بناکر انگلش بالر جیک لیچ کی بال پر جوئے روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

14ویں اوور میں پاکستان کا مجموعی اسکور ابھی 46 ہی تھا کہ اس کی تیسری وکٹ بھی گر گئی۔ کامران غلام 9 گیندوں پر 3 رنز بناکر ایٹکنسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ پاکستان کو انگلینڈ کا اسکور برابر کرنے کے لیے اب بھی 194 رنز درکار ہیں۔

مزید پڑھیں:راولپنڈی ٹیسٹ : پہلے دن کا کھیل ختم، انگلینڈ کے 267 رنز کے جواب میں پاکستان کے 3 کھلاڑی آؤٹ

کھیل کے پہلے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 267 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے 2 کھلاڑی نصف سینچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ پاکستان کی جانب سے اسپنر ساجد خان نے 6 اور نعمان علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کے اوپنرز نے پراعتماد طریقے سے پہلی اننگز کے کھیل کا آغاز کیا لیکن 14ویں اوور کی آخری بال اور 56 کے مجموعی اسکور پر اپنی پہلی وکٹ کھو دی۔ اوپنر زیک کرولی اسپنر نعمان علی کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 43 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔

19ویں اوور میں اولی پوپ اسپنر ساجد خان کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 14 گیندوں پر صرف 3 رنز بنائے۔ 21ویں اوور کی آخری گیند پر جوئے روٹ بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 6 گیندوں پر 5 رنز بنائے۔ انہیں بھی ساجد خان نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کے اوپنر بین ڈکٹ نصف سینچری بنانے میں کامیاب رہے تاہم 26 اوور میں 98 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔ وہ 84 گیندوں پر 52 رنز بناکر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ اگلے اوور میں ابھی جب انگلینڈ کا مجموعی اسکور 98 ہی تھا کہ ہیری بروک بھی چلتے بنے۔ وہ 14 گیندوں پر 5 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

مزید پڑھیں:ٹی20 میں زمبابوے کے 2 عالمی ریکارڈ، ایک ہی اننگز میں سب سے بڑا اسکور اور سب سے بڑے مارجن سے جیت

کپتان بین اسٹوکس بھی اپنی ٹیم کو مشکلات سے نہ بچا پائے، وہ 33ویں اوور میں انگلینڈ کے مجموعی اسکور 118 پر ساجد خان کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 22 گیندوں پر 12 رنز بنائے۔ 60ویں اوور میں 225 کے مجموعی اسکور پر گس ایٹکنسن نعمان علی کی بال پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 71 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمی اسمتھ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 119 گیندوں پر 89 رنز بنائے، انہیں 63ویں اوور میں محمد زاہد نے اپنا شکار بنایا۔ ان کا کیچ محمد رضوان نے پکڑا۔ 67ویں اوور میں 258 کے مجموعی اسکور پر ریحان احمد بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 14 گیندوں پر 9 رنز بنائے اور ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

انگلینڈ کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیک لیچ تھے، انہوں نے 21 گیندوں پر 16 رنز بنائے اور پھر 69ویں اوور میں ساجد خان کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

مزید پڑھیں:جب ایک بھائی کا پہلا ٹیسٹ دوسرے بھائی کا آخری ٹیسٹ ثابت ہوا

پاکستان کی ٹیم برقرار، انگلینڈ نے 3 اسپنر شامل کیے

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں فتح سے ہمکنار کرنے والی ٹیم برقرار رکھی ہے، جس میں 3 اسپنر نعمان علی، ساجد خان اورزاہد محمود سمیت بیٹنگ آرڈر میں کپتان شان مسعود، عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، کامران غلام، سعود شکیل اور محمد رضوان شامل ہیں، پچ کو مد نظر رکھتے ہوئے انگلش ٹیم نے بھی 3 اسپنرز جیک لیچ، شعیب بشیر اور ریحان احمد کے نام فائنل کیے ہیں۔

ساجد خان نے 128 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیں، ان کا نام پنڈی اسٹیڈیم کے اعزازی بورڈ پر لکھ دیا گیا۔

3 ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے

واضح رہے کہ ملتان میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے عبرتناک شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی اسپنرز نے انگلینڈ کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 152 رنز سے فتح دلائی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp