محبت عمر اور وقت کے ساتھ بدلتی ہے، اسما عباس

جمعہ 25 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیئر اداکارہ اسما عباس کا کہنا ہے کہ محبت عمر اور وقت کے ساتھ اپنے معنی اور شکل بدلتی ہے۔

اداکارہ اسما عباس نے حال ہی میں اپنی نئی یو ٹیوب ویڈیو میں محبت کے بارے میں اپنا نقطہ نظر شیئر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محبت میں غلط فیصلے ہو جاتے ہیں، نوعمری میں محبت ایک پریوں کی کہانی کی طرح محسوس ہوتی ہے لیکن بعد میں پتہ چلتا ہے کہ یہ صرف احساسات تھے۔ 20 سال کی عمر میں محبت کے معنی بدل جاتے ہیں اور لوگ سوچتے ہیں کہ محبت صرف شادی کے بارے میں ہے۔ آپ شادی کریں گھریلو خاتون اور ماں بنیں۔

اسما عباس کا کہنا تھا کہ ان کی جوانی میں لڑکیاں اپنی خواہشات کی تکمیل کے لیے شادی کی طرف دیکھتی تھیں اس وقت بوائے فرینڈ بنانا یا لڑکوں سے بات کرنا ناممکن تھا، اس لیے لڑکیوں کے لیے شادی ہی واحد راہ فرار تھی۔ لیکن 40 سال کی عمر کے بعد آپ کی اپنی تلاش شروع ہو جاتی ہے اور احساس ہوتا ہے کہ آپ کو زندگی میں کیا کرنا تھا اس سے لڑائی جھگڑے شروع ہو جاتے ہیں اور خواتین بیمار ہو جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شادی کی خواہشمند لڑکیوں کو اسما عباس نے کیا مشورہ دیا؟

 اپنے ویلاگ میں انہوں نے مزید کہا کہ محبت کا اصل مطلب عزت اور خیال ہے۔ یہ کہنا کہ میں تم سے پیار کرتا ہوں کافی نہیں ہے بلکہ اس کے بجائے میاں بیوی کو یہ کہنا چاہیے کہ میں آپ کی عزت کرتا ہوں اور مجھے آپ کا خیال ہے۔ بہت سے جوڑے پرامن زندگی گزارتے ہیں کیونکہ وہ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں جبکہ جو لوگ مسلسل لڑتے رہتے ہیں ان میں عزت اور خیال کی کمی ہوتی ہے۔

اس سے قبل اداکارہ اسما عباس نے ایک پوڈ کاسٹ میں شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نوجوان نسل کو بتانا چاہتی ہوں کہ فیصلہ کرنے سے پہلے آپ حدود طے کریں، اپنے شریک حیات کی اچھی اور بری دونوں خصلتوں کو پہچان لیں اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ انصاری نے دوسرے شوہر کو ’ونڈرفل‘ کیوں قرار دیا اور وہ انہیں کیسے ملے؟

سینئر اداکارہ نے کہا کہ جس دن آپ کو گالی پڑے اور آپ پر ہاتھ اٹھایا جائے تو اسی وقت چلے جاؤ، پھر اس شخص کے ساتھ نہیں رہنا کیونکہ یہ چیزیں برداشت نہیں کرنی چاہئیں، مار اور گالی خوفناک بات ہے، اگر آپ برداشت کریں گے تو شوہر پھر اور زیادہ کرے گا۔

اسما عباس ایک شاندار پاکستانی اداکارہ ہیں جو مقبول ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، ان کے قابل ذکر ڈرامے دمپخت، اکبری اصغری، خمار، دلدل، رانجھا رانجھا کردی، چپکے چپکے، چوہدری اینڈ سنز، جی ٹی روڈ، ردّ اور دیگر ہیں۔ حال ہی میں ہم ٹی وی کے مشہور ڈرامہ سیریل من جوگی میں ان کی تعریف کی جا رہی ہے۔ اداکارہ اس وقت بے بی باجی کی بہویں میں نظر آ رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp