بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرگان علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو رہا کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم
ڈی چوک احتجاج کیس میں گرفتار بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے آج سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتار بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت منطور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔
علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاج کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے کیس کی سماعت جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت کی درخواستیں 20، 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیدیا۔
یہ بھی پڑھیں: جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
واضح رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان 4 اکتوبر سے گرفتار تھیں، گزشتہ روز عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منطور ہونے پر اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 10، 10 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔