بھارت آئے یا نہ آئے، ایشیا کپ پاکستان ہی میں ہوگا، نجم سیٹھی

پیر 10 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا پاکستان کرکٹ بورڈ کا دو ٹوک موقف ہے کہ ہم ایشیا کپ 2023 کی میزبانی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ایشیا کپ پاکستان ہی میں ہو گا۔ چاہے بھارت ایشیا کپ کھیلنے پاکستان آئے یا پھر کسی تیسرے ملک میں کھیلے۔

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیا کپ سے جو فیصلہ ہو گا اس کے اثرات ورلڈ کپ پر بھی پڑیں گے۔ اگر بھارت ایشیا کپ کے میچز کسی تیسرے ملک میں کھیلے گا تو ہم بھی ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائیں گے۔

سربراہ مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹی نے مزید کہا کہ اگر میچز تیسرے ملک میں کھیلے گئے تو اس کے اخراجات ایشین کرکٹ کونسل برداشت کرے گی، ایشیا کپ کا 80 فیصد ریونیو پاک بھارت میچ سے بنتا ہے۔

نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ ایشیا کپ کے بائیکاٹ پر پاکستان کو ایک ارب کا نقصان ہوگا،ہم پاکستان سپر لیگ سے اتنے پیسے کما لیتے ہیں کہ آئی سی سی نقصان کا ازالہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ورلڈ کپ کے دوران بھارت نہ جانے پر آئی سی سی سے  تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان آنے سے انکار پر حکومت کی جانب سے کوئی ٹھوس ثبوت دینے میں ناکام رہا ہے۔ ہم نے ان کو واضح کر دیا ہے کہ ہماری عوام اور حکومت کا موقف بھی یہی ہے کہ اگر آپ پاکستان نہیں آئیں گے تو ہم بھی بھارت نہیں جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp