چین کی میڈیکل یونیورسٹی میں تحقیقاتی مرکز پاکستانی سائنسدان سے منسوب

اتوار 27 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین کی ہونان یونیورسٹی آف میڈیسن میں ایک نئے تحقیقاتی مرکز کا افتتاح کیا گیا ہے، جو ممتاز پاکستانی ادارے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری سے وابستہ سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کے نام سے منسوب ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کی مختلف سائنسی کوششوں، خاص طور پر چینی اور پاکستانی سائنسدانوں کے درمیان تحقیقی مراکز کے قیام میں ان کے غیر متزلزل کردار اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے میں اہم کوششوں کے اعتراف میں اس تحقیقاتی مرکز کو ان سے منسوب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی ایرواسپیس مقابلے، برونز ایوارڈ پاکستانی طلبا کے نام

یہ جدید تحقیقاتی مرکز 13 ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہے اور اس میں 17 مستقل محققین کام کریں گے، جو پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تعاون کو فروغ دینے کے لیے وقف ہیں۔

ہونان یونیورسٹی آف میڈیسن 1912 میں میڈیسن کے مشہور استاد یان فُو چنگ کے ذریعہ قائم کی گئی، جوچین کی ایک نمایاں عوامی میڈیکل یونیورسٹی کے طور پر اپنی شناخت کی حامل ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستانی طلبا کے لیے چین میں مکمل مفت تعلیم کے مواقع، اپلائی کرنا نہایت آسان

یونیورسٹی ہونان صوبائی تعلیم کے محکمہ کے تحت کام کرتی ہے اور اس کے 2 کیمپس میں 20 جامع انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ کی سطح پر میڈیسن کے کورسز پیش کیے جاتے ہیں، نئے تحقیقاتی مرکز کا پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کے نام سے منسوب ہونا ایک تاریخی سنگ میل ہے۔

واضح رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری سائنسی کمیونٹی میں ایک ممتاز شخصیت ہیں اور انہیں متعدد اعزازات سے نوازا جاچکا ہے، جن میں ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز، اور تمغہ امتیاز، چین کا دوستی ایوارڈ برائے سال 2022 اور گولڈن سلک بال دوستی ایوارڈ شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp